رمیش کمار وانکوانی کے زیر اہتمام افطار ڈنر کا انعقاد
سرپرست اعلیٰ پاکستان ہندو کونسل اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے رمضان المبارک میں سالانہ افطار ڈنر کی روایت برقرار رکھتے ہوئے کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔
تقریب میں مختلف مذاہب اور شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر رمیش کمار نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کا مبارک مہینہ ایک دوسرے کا خیال رکھنے کا درس دیتا ہے، پاکستان ہندو کونسل تمام مذاہب کا احترام یقینی بنانے کیلئے ہر مکتبہ فکر کے ساتھ خوشگوار تعلقات استوار کرنے کی خواہاں ہے۔
ڈاکٹر رمیش وانکوانی کے مطابق وہ پاکستان میں برداشت اور رواداری پر مبنی ایک ایسا معاشرہ دیکھنا چاہتے ہیں جہاں آئین پاکستان کے تحت سب کو مذہبی آزادی میسر ہو اور تمام مذاہب کے ماننے والے اپنی زندگی بغیر خوف و خطر گزار سکیں۔
شرکاء نے مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے افطار ڈنر کے منتظم چیف کوآرڈینیٹر کرشن ساگر کے بہترین انتظامات کو بھی سراہا۔