روہیت رائے اقربا پروری کے حامی نکلے
نامور بھارتی اداکارہ رونت رائے کے بھائی روہیت رائے بالی ووڈ میں اقربا پروری کے حامی نکلے اور انہوں نے اس موضوع پر بات کرنے کو وقت کا ضیاع قرار دے دیا۔
سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں روہیت رائے کا کہنا تھا کہ اقربا پروری ایک بیکار دلیل اور وقت کا ضیاع ہے۔ اقربا پروری میں کوئی حرج نہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ صرف اتنا ہی ہے کہ جب بھی آپ انڈسٹری کے لوگوں سے تعلق رکھنے والے چند اداکاروں کے بارے میں کہانیاں سنتے اور پڑھتے ہیں۔
روہیت رائے نے سوال اٹھایا کہ کل کو اگر کسی تاجر کا بیٹا اپنے باپ کا کاروبار سنبھالنا چاہے تو کیا اس کا خیر مقدم نہیں کیا جانا چاہیے؟ کیا تاجر جا کر اپنے پڑوسی کے بیٹے کو کاروبار سنبھالنے کےلیے تیار کرے گا؟
55 سالہ اداکار کا کہنا تھا کہ اقربا پروری کی بحث بیکار ہے کیونکہ اس کا کوئی سر پیر ہی نہیں۔
روہیت رائے نے کہا کہ آپ کیا بحث کر رہے ہیں؟ یہ بحث صرف وہ لوگ کرتے ہیں جو ناراض ہیں، اقربا پروری کا مطلب کبھی بھی منفی لفظ نہیں تھا، اگر بحث سے کبھی کوئی نتیجہ نہ نکلے تو کیا یہ بیکار نہیں ہے؟
انکا کہنا تھا کہ جب لوگ اقربا پروری کے بارے میں بات کرتے ہیں، تو دراصل وہ اس محنت پر پردہ ڈال رہے ہیں جو نیا آنے والا لڑکا یا لڑکی کر رہے ہیں، کیونکہ نیا آنے والا فنکار کسی اداکار، ہدایتکار وغیرہ بیٹا یا بیٹی ہے۔
روہیت رائے نے یہ بھی کہا کہ اس بحث کو اسی صورت میں جاری رکھیں جب آپ اس سلسلے میں کسی نتیجے تک پہنچ سکیں۔