شاہ رخ کے بارے میں بات کرتے کرتے تھک گئی، سچترا کرشنامورتی
بالی ووڈ فلموں میں 1990 کے عشرے کے دوران بطور ہیروئن جلوہ گر ہونے والی اداکارہ سچترا کرشنامورتی نے کہا ہے کہ وہ شاہ رخ خان اور فلم کبھی ہاں کبھی ناں کے بارے میں بات کرتے کرتے تھک گئی ہیں۔
اپنے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران سچترا نے 1994 کی ہٹ فلم ’کبھی ہاں کبھی ناں‘ کے بارے میں کھل کر بات کی۔ یہ اس وقت کی فلم ہے جب شاہ رخ خان نے بالی ووڈ میں وہ مقام حاصل نہیں کیا تھا جو آج کل انہیں حاصل ہے۔
سچترا سے سوال کیا گیا کہ کیا آپکو معلوم تھا کہ آپ کا ساتھی اداکار آگے چل کر اتنا بڑا میگا اسٹار بن جائے گا؟ اس پر سچترا کا کہنا تھا کہ "بالکل، ہر کوئی جانتا تھا کہ عظمت اسکا مقدر ہے۔”
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں شاہ رخ خان اور اس فلم سے متعلق سوالات کے جوابات دیتے دیتے تھک گئی ہوں، لیکن میں ان سوالات کو نظر انداز بھی نہیں کرسکتی۔
سچترا کا کہنا تھا کہ شہرت وہ چیز ہے جسے میں نے اپنے پیشے کے دوران کم سے کم انجوائے کیا، مجھے یہ ایک طرح سے کام میں دخل اندازی معلوم ہوئی۔
ساتھ میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر مجھے اچھا کام کرنے اور کام کی جگہ سے باہر گمنام طور پر رہنے کا کوئی راستہ مل جائے تو یہ میرے لیے بہترین ہوگا، لیکن پرفارمنگ آرٹس میں یہ ناممکن ہے کیونکہ یہاں جو دکھتا ہے وہی بکتا ہے۔
واضح رہے کہ کبھی ہاں کبھی ناں سچترا کی ڈیبیو فلم تھی جس کے بعد وہ جذبات، وڈے ادارے، وشوا، مائی وائفس مرڈر، رن اور متل ورسیز متل جیسی فلموں میں بھی نظر آئیں۔