جیکی چین نے اپنی صحت سے متعلق تفصیلات جاری کردیں
ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والے معروف ہالی وڈ اداکار جیکی چین نے اپنی صحت سے متعلق تفصیلات جاری کردیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق حال ہی میں ایکشن ہیرو جیکی چن کو داڑھی اور سفید بالوں میں دیکھا گیا تو مداح ان کی صحت اور عمر کے بارے میں فکر مند ہوگئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے 70 سالہ اداکار کو اپنی صحت سے متعلق بتانا پڑگیا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں مداحوں سے کہا کہ پریشان نہ ہوں یہ شکل اور حلیہ نئی فلم کے لیے صرف ایک کردار کی ظاہری شکل ہے۔
جیکی چین نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بتایا کہ اس فلمی کردار کے لیے مجھے سفید بال، سفید داڑھی اور بوڑھا نظر آنے کی ضرورت ہے۔
اداکار نے مزید لکھا کہ میں ہمیشہ فلم کے لیے نئی چیزیں آزمانے کے لیے تیار رہا ہوں چاہے وہ ایک چیلنجنگ اسٹنٹ ہو یا کوئی کردار، میں 62 سال سے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں ہوں اور میں ہر لمحے کی قدر کرتا ہوں کیونکہ میں خوش قسمت ہوں کہ میں آج بھی فلم کر رہا ہوں۔