فلم میں اپنی جگہ جیا بھادری کو کاسٹ کرنے پر پروین بابی رو پڑیں، رنجیت
ولن کے کرداروں سے مشہور اداکار رنجیت نے انکشاف کیا ہے کہ ریکھا اور امیتابھ کی مشہور زمانہ فلم سلسلہ میں جیا بچن کی جگہ پر پہلے پروین بابی کا انتخاب کیا گیا تھا، فلم میں کاسٹ نہ ہونے پر وہ خوب روئی تھیں۔
واضح رہے کہ پروین بابی کا انتقال سال 2005 میں ہوا تھا، رنجیت بتاتے ہیں انکا پروین کے ساتھ گہرا تعلق تھا، وہ 1981 کی سپر ہٹ فلم سلسلہ میں کاسٹ نہ ہونے پر بہت پریشان ہوئی تھیں۔
اپنے ایک انٹرویو کے دوران رنجیت نے بتایا کہ پروین میری قریبی دوست تھیں، وہ بہت اکیلی تھیں، وہ بہت پیاری خاتون تھیں جو ہمیشہ مسکراتی رہتی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایک مرتبہ پروین بہت پریشان تھیں، وہ بہت رو رہی تھیں، میں نے ان سے انکے رونے کی وجہ پوچھی تو بتایا کہ "میں سلسلہ کی اصل ہیروئن تھی لیکن مجھے فلم میں کاسٹ کرنے سے معذرت کرلی گئی۔”
رنجیت کا کہنا تھا کہ فلم میں ایک تنازع کی وجہ سے ریکھا اور جیا بھادری کو کاسٹ کیا گیا تھا جبکہ انکے مقابل میں سپر اسٹار امیتابھ بچن تھے۔