کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر آج بھی بارش متوقع
آج سے 04 فروری کے دوران ملک بھر میں مزید بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے، کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر آج بھی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک پر اثر انداز ہورہا ہے جو اتوار تک برقرار رہے گا۔
جمعہ اور ہفتے کے روز موسلادھار بارش کے باعث بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، سندھ میں بھی جمعہ اور ہفتے کے روز ہلکی سے درمیانی بارش کی توقع ہے۔
کراچی، سکھر، لاڑکانہ، دادو، میرپورخاص، نواب شاہ، جیکب آباد اور کشمور میں بادل برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب مری اور گلیات میں برفباری کے باعث سردی بڑھ گئی ہے۔
آزاد کشمیر، خیبر پختون خوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی برف باری اور بارش کی وجہ سے مختلف رابطہ سڑکیں بند ہیں۔