وزیراعظم بن کر غربت کا مقابلہ کروں گا، بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم نے عوامی معاشی معاہدہ تیار کیا ہے، میں وزیراعظم بن کر غربت کا مقابلہ کروں گا۔
شکار پور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم بن کر عوامی معاشی معاہدے سے غربت ختم کرکے دکھاؤں گا، بینظیر بھٹو کیلئے مشہور تھا کہ بینظیر آئے گی روزگار لائے گی، ہم بینظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو مکمل کریں گے، ہم نوجوانوں کیلئے روزگار کا انتظام کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ نہ کھپے نہ کھپے، میاں صاحب نہ کھپے، اگر کوئی جماعت آپ کی نمائندگی کر سکتی ہے تو وہ پیپلز پارٹی ہے، ہم نے بہت مشکل دور دیکھے، کوویڈ کا دور دیکھا، سیلاب کا سامنا کیا، سیلاب کے دوران شکار پور آیا تھا، سیلاب متاثرین خواتین کا مطالبہ تھا کہ گھر بنا کر دیے جائیں، بطور وزیر خارجہ پوری دنیا سے پیسا اکٹھا کیا، 20 لاکھ گھر بنا رہے ہیں۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتیں نفرت اور تقسیم کی سیاست کر رہی ہیں، سیاست کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کرنے سے ملک کو نقصان ہو رہا ہے، تخت لاہور کی لڑائی کا بوجھ آپ اٹھا رہے ہیں، پیپلز پارٹی نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، وزیراعظم بن کرنفرت اور تقسیم کی سیاست ختم کروں گا، کوئی مذہب، لسانی اور فرقہ وارانہ سیاست پر تقسیم کرنا چاہتا ہے، میں بلا تفریق آپ کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ سندھ میں نفرت کی سیاست شروع کرنے والوں کو بھرپور جواب دیں، تیر پر ٹھپا لگا کر میرے امیدواروں کو منتخب کروادیں، مجھے شکار پور سے 100 فیصد نشستیں چاہئیں، مجھے اکثریت دلائیں گے تو آپ کے مسائل حل کرنا آسان ہوگا، آپ کی جدوجہد کر رہا ہوں، آپ پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں، آپ کے جو مسائل ہوں گے، آپ کے ساتھ بیٹھ کر حل نکا لوں گا۔