پاکستان کی روشنیاں واپس لائيں گے، جی ٹی روڈ کو بھی موٹر وے بنائيں گے، نواز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی روشنیاں واپس لائيں گے، سڑکیں بنائيں گے، جی ٹی روڈ کو بھی موٹرو ے بنائيں گے۔
گوجرانوالہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے شہباز شریف کو سراہتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ میں تمام ترقیاتی کام شہباز شریف نے کیے اور نام ان کا لے رہے ہيں۔
نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ استعفیٰ دے کر گھر جانے والاجج وہی تھا جس نے انہیں سز ا سنائی، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کہہ رہا ہے کہ ہمارے دور میں کرپشن سب سے کم تھی، صرف کرپشن کم نہیں تھی، روٹی کی قیمت بھی سب سے کم تھی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی مچا کر کہتے ہیں یوتھ ان کے ساتھ ہے، پاکستان کی یوتھ جلسے میں یہ ہے جو ہمارے ساتھ ہیں، جب تک نوجوانوں کو باعزت روزگار نہیں ملتا چین سے نہیں بیٹھوں گا۔
نواز شریف نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں آئی ایم ایف کو خداحافظ کہا، آئی ایم ایف نے کہا پاکستان ایسے ترقی کرتا رہا تو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں رہے گی، جب میں وزیراعظم تھا تو سی پیک آیا 60 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہورہی تھی، یہ دھرنے دے رہے تھے اور ہم بجلی کے کارخانے بنا رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں چھوٹی گاڑی 5 لاکھ سے 10 لاکھ میں آتی تھی، ہمارے دور میں 70 سی سی موٹر سائیکل 70 ہزار روپے میں تھی، ہمارے دور میں ٹریکٹر 8 لاکھ روپے کا تھا آج 38 لاکھ کا ہے، ہمارے دور میں سبزی 10 ،10 روپے کلو ملتی تھی، ہمارے دور میں ڈالر 104 روپے اور آج 290 روپے کا ہے، آج کوئی بجلی کا بل نہیں دے پا رہا ہے۔