نیپا چورنگی پر پھر ہلکی بارش
کراچی میں نیپا چورنگی کے اطراف ایک بار پھر ہلکی بارش ہوئی ہے۔
یونیورسٹی روڈ پر نیپا چورنگی کے قریب ایک ٹریک پر رات ہونے والی بارش کا پانی ابھی بھی موجود ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر میں مطلع ابر آلود ہے، آج پورے دن وقفے وقفے سے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں موجودہ درجۂ حرارت 19.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ شمال مشرق کی سمت سے 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
دن کےاوقات میں ہوائیں 20 سے 25 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔
شہرکی ہوا میں نمی کا تناسب اس وقت 92 فیصد ریکارڈ ہوا ہے۔
دوسری جانب شاہ فیصل کالونی میں شمع شاپنگ سینٹر کے قریب اب بھی پانی موجود ہے۔
قومی ادارہ برائے امراضِ قلب کے مین گیٹ پر بھی رات کی بارش کا پانی تاحال موجود ہے، انتظامیہ کی جانب سے نکاسیٔ آب کے لیے کوئی انتظام نہیں کیا گیا، اسپتال کے گیٹ کے سامنے پانی کے باعث مریضوں کو لانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
کراچی میں رات کی بارش کے بعد ریڈ زون سے پانی کی نکاسی نہ کی جاسکی ،ضیاء الدین روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ اور گورنر ہاؤس کے قریب سڑک پر پانی جمع ہے، بعض دفاتر میں لوگوں کو رات گزارنا پڑی۔
شارعِ فیصل، گرومندر، فائیو اسٹار چورنگی اور صفورا سمیت شہر کی بیشتر سڑکیں کلیئر کر دی گئی ہیں۔
رات تیز بارش کے بعد سڑکیں تالاب بننے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا، پانی میں ڈوب کر متعدد گاڑیاں خراب ہو گئیں۔
لوگ گھنٹوں سڑکوں پر پھنسے رہے، بعض لوگ سڑکوں پر ہی گاڑیاں چھوڑ کر گھروں کو روانہ ہو گئے۔
ڈیفنس میں خیابانِ جامی کی سڑک اور گلیوں میں بارش کا پانی جمع ہے۔
رات بارش شروع ہوتے ہی شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی ۔
نیو ایم اے جناح روڈ، جمشید روڈ، گلستانِ جوہر بلاک 8، ملیر ہالٹ، رفاہِ عام، گارڈن اور ملحقہ علاقوں میں رات سے بجلی غائب ہے۔