میرے دور میں سب کچھ سستا تھا تو پھر آپ نے مجھے کیوں نکالا، نواز شریف
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ میرے دور میں سب کچھ سستا تھا تو پھر آپ نے مجھے کیوں نکالا، جس نے مجھے نکالا تھا آج وہ خود استعفیٰ دے کر گھر چلا گیا۔
مری میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ وہ شخص 8 ماہ بعد چیف جسٹس بننے والا تھا آج گھر جا رہا ہے، مجھے تاحیات نااہل کیا گیا تھا میں آج آپ کے سامنے کھڑا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے نکال دیا تو میری جگہ جس کو لائے وہ کہتا تھا ایک کروڑ نوکریاں دوں گا، کیا کسی کو نوکری ملی، وہ انڈے مرغی کہاں چلے گئے، بلین ٹری کا جھوٹ بولا گیا، کہتے ہیں یوتھ ان کے ساتھ ہے، یوتھ تو ساری یہاں میرے ساتھ ہے۔
نواز شریف کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن پاکستان کو دوبارہ تعمیر کرے گی، یہاں روڈ نہیں مری کے لیے فہرست میں موٹروے لکھنا چاہیے تھا، ہمارا منصوبہ ہے کہ پنڈی اسلام آباد سے مری تک ٹرین لے کر آئیں۔
سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ کل مری پہنچا راستے میں ٹریفک بہت زیادہ تھی، پاکستان کی سب سے خوبصورت سڑک 1985ء میں مری میں بنی، پنجاب کا وزیرِ اعلیٰ بنا تو پہلا منصوبہ راولپنڈی مری روڈ تھا، 1956ء میں پہلی بار مری آیا تھا، لاہور کے بعد سب سے زیادہ مری میں رہا ہوں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ بلال یامین کا قافلہ راستہ میں ہے، جلسہ گاہ فل ہے، بلال یامین کا قافلہ اگر آگیا تو کہاں کھڑے ہوں گے، ہمارے دور میں روٹی، گھی ، پٹرول سب کچھ سستا تھا۔
مسلم لیگ ن کے قائد نے یہ بھی کہا ہے کہ اپنے مظلوم کمشیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔