عائشہ تاکیہ کئی برس بعد فوٹوگرافرز کو نظر آگئیں
بالی ووڈ اداکارہ عائشہ تاکیہ کئی برس بعد فوٹوگرافروں کو نظر آگئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 24 برس پہلے پہلی بار گانے ’میری چنری اڑی اڑی جائے‘ میں نظر آنے والی ماڈل و اداکارہ عائشہ تاکیہ اُس کے بعد کئی بالی ووڈ فلموں میں نظر آئیں۔
فوٹوگرافروں کو اداکارہ کئی برس بعد ممبئی ایئرپورٹ پر نظر آئیں تو اُن کے ساتھ بیٹا میکائل اور دوست بھی موجود تھی۔
اس موقع پر فوٹوگرافروں نے اُن سے تصویر بنوانے کی درخواست کی تو انہوں نے ہاں کی اور خوش مزاجی کے ساتھ پوز بنائے۔
اداکارہ نے اپنے بال کھلے رکھے ہوئے تھے جبکہ چہرے پر کالے رنگ کا ماسک لگا رکھا تھا، جسے انہوں نے فوٹوگرافروں کی درخواست پر ہٹادیا۔
گہرے بلو رنگ کے سوٹ میں سادہ سی دکھائی دینے والی عائشہ تاکیہ چند تصاویر بنوانے کے بعد ایئرپورٹ کے اندر چلی گئیں۔
اداکارہ کے صاحبزادے میکائل نے سبز رنگ کی شرٹ اور کالے کلر کی پینٹ پہن رکھی تھی اور پیٹھ پر بڑا سا بیگ بھی اٹھا رکھا تھا۔
37 سالہ عائشہ تاکیہ نے فرحان اعظمی سے 2009ء میں شادی کی تھی، جو ہوٹل بزنس سے وابستہ ہیں، جس کے بعد انہوں بالی ووڈ کو خیر باد کہہ دیا تھا۔
وبائی مرض کورنا وائرس کی 2020ء میں آمد کے موقع پر عائشہ اور فرحان اعظمی نے اپنا ہوٹل قرنطینہ کی سہولت کےلیے ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی) کو استعمال کے لیے دیا تھا۔
وہ آخری بار 2011ء میں فلم موڈ میں نظر آئیں، اس سے قبل انہوں نے ٹارزن سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا تھا، بعدازاں انہوں نے دل مانگے مور، ڈور، نو اسموکنگ، وانٹڈ، سلام عشق اور پاٹ شالا میں کام کیا۔
عائشہ تاکیہ کو ماضی میں سوشل میڈیا پر اپنے بدلے ہوئے انداز کے باعث تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، ان پر کاسمیٹک انداز سے خوبصورت دکھنے کا الزام لگایا گیا۔
عائشہ نے اُن تصاویر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ وائرل ہونے والی تصاویر مضحکہ خیز تھیں، یہ اُس وقت کی ہیں جب میں گوا میں چھٹیاں منارہی تھیں۔