نصیرالدین شاہ نے بالی ووڈ فلمیں دیکھنا کیوں چھوڑیں؟
بالی ووڈ کے سینئر اداکار نصیرالدین شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے بالی ووڈ فلمیں دیکھنا چھوڑ دی ہیں۔
نصیر الدین شاہ نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ یہ بہت مایوس کن بات ہے کہ ہم ہندی سنیما کے 100 سال پرانا ہونے پر فخر محسوس کرتے ہیں لیکن فلمیں وہی پرانی گھسی پٹی کہانیوں پر مبنی ہوتی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے وہی پرانی کہانیاں بالکل پسند نہیں ہیں اسی لیے میں نے ہندی فلمیں دیکھنا چھوڑ دی ہیں۔
اداکار نے مزید کہا کہ ہندوستانی کھانا ہر جگہ پسند کیا جاتا ہے کیونکہ اس میں اچھا مواد ہوتا ہےلیکن ہندی فلموں کا مواد کیسا ہے؟ بیرون ملک رہنے والے ہندوستانی بالی ووڈ فلمیں ضرور دیکھتے ہیں کیونکہ یہ اُنہیں اپنے ملک کی یاد دلاتی ہیں لیکن بہت جلد ہی وہ بھی ایسی فلموں سے تنگ آجائیں گے کیونکہ ان فلموں کا مواد اچھا نہیں ہے۔
اُنہوں نے بھارتی فلمسازوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ سنجیدہ موضوعات پر فلمیں بنانا چاہتے ہیں تو یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ آج کی حقیقت کو اس طرح پیش کریں کہ انہیں فتویٰ نہ ملے یا اُنہیں کس قسم کی پابندی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
نصیر الدین شاہ نے کہا کہ بالی ووڈ فلمسازوں کو سیکھنے کی ضرورت ہے کہ کیسے ایرانی فلمسازوں نے حکّام کے دباؤ کے باوجود فلمیں بنائیں اور کیسے ہندوستانی کارٹونسٹ آر کے لکشمن ایمرجنسی کے دنوں میں کارٹونز بناتے رہے۔