میرے بڑے بھائی نے 17 سال کی عمر میں اسلام قبول کرلیا تھا، وکرانت میسی کا انکشاف
فلم ’بارہویں فیل‘ سے شہرت پانے والے بھارتی اداکار وکرانت میسی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے بڑے بھائی مسلمان ہیں۔
وکرانت میسی نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ میرے بڑے بھائی کا نام معین ہے میرا نام وکرانت میسی ہے، اب یہ سن کر آپ یقینا حیران ہوں گے کہ میرے بھائی کا نام معین کیوں ہے؟ ایسا اس لیے ہے کہ انہوں نے 17 سال کی عمر میں اسلام قبول کرلیا تھا۔
اُنہوں نے بتایا کہ میری والدہ سکھ ہیں، میرے والد باقاعدگی سے چرچ جانے والے مسیح ہیں، میرا بھائی مسلمان ہے اور میری بیوی ہندو ہے تو میں نے اپنی زندگی میں مذہب اور روحانیت کے حوالے سے بہت سارے مسائل دیکھے ہیں۔
اداکار نے بتایا کہ جب میرے بھائی نے اسلام قبول کیا تو میرے رشتے داروں نے میرے والد سے سوال کرنا شروع کر دیے کہ آپ کیسے اپنے بیٹے کو دوسرا مذہب قبول کرنے کی اجازت دے سکتے ہیں تو میرے والد نے رشتے داروں کو یہ کہہ کر چُپ کروا دیا کہ یہ آپ کا مسئلہ نہیں ہے، میرا بیٹا صرف مجھے جواب دہ ہے اور میں نے اسے ہر وہ کام کرنے کی اجازت دی ہے جو اس کی خوشی کا باعث ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ میرے والد نے میرے بڑے بھائی کو کھلے دل سے اسلام قبول کرنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ تمہیں اگر اس مذہب میں سکون ملتا ہے تو اس مذہب کو ضرور قبول کرو۔
وکرانت میسی نے بتایا کہ یہ دیکھنے کے بعد میں خود سے یہ سوال کرنے پر مجبور ہوگیا کہ آخر یہ مذہب ہوتا کیا ہے؟ اور پھر اپنے ارد گرد مختلف مذاہب کے پیروکاروں کو دیکھ کر جو مجھے مذہب کے بارے میں سمجھ آیا وہ یہ ہے کہ یہ انسان کا بنایا ہوا ایک طریقے کار ہے اور میں تمام مذاہب کی عزت کرتا ہوں۔