محمد رضوان نے ’تیرے بن‘ کے ’مرتسم‘ کی یاد تازہ کردی
پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) 9 میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ کے ’مرتسم‘ کی یادیں تازہ کر دیں۔
حال ہی میں پی ایس ایل کی ٹیم ملتان سلطانز کی جانب سے نجی ہوٹل میں قوالی نائٹ کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر ملتان سلطانز کے دیسی و پردیسی کھلاڑیوں سمیت فرنچائز کے مالک علی ترین اور غیر ملکی کوچز بھی روایتی گہرا نیلا کرتا پاجامہ اور ملتانی اجرک پہنے شریک ہوئے۔
سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل ویڈیوز میں محمد رضوان کے اجرک پہننے کے انداز نے جیو کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ کے ’مرتسم‘ کی یادیں تازہ کر دیں۔
مذکورہ تقریب سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز و تصاویر دیکھ کر شائقین کرکٹ اس بات کو بھی سراہ رہے ہیں کہ میزبان ٹیم خطے کی ثقافت کو دنیا کے سامنے بھر پور انداز میں پیش کر رہی ہے، جو کہ خوش آئند ہے۔
خیال رہے کہ ملتان سلطان آج اپنا تیسرا میچ لاہور قلندرز کے خلاف کھیلے گی۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ آج ملتان سلطانز اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھے گی یا پھر لاہور قلندرز اپنا کھاتا کھولنے میں کامیاب ہوگی۔