ہمایوں سعید کو ’دی کراؤن‘ میں ڈاکٹر حسنات کا کردار کس طرح ملا؟
پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اور پروڈیوسر ہمایوں سعید نے انکشاف کیا ہے کہ نیٹ فلکس سیریز ’دی کراؤن‘ کے لیے ان کا انتخاب بھارت اور پاکستان کے 8 اداکاروں میں سے کیا گیا تھا۔
حال ہی میں اداکار نے نجی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی اور مختلف امور پر گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ نیٹ فلکس سیریز ’دی کراؤن‘ میں پاکستانی نژاد ماہر امراض قلب ڈاکٹر حسنات کا کردار کس طرح ملا۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں اس کردار کے لیے آڈیشنز کے مرحلے سے کئی بار گزرنا پڑا اور اس کے بعد ان کا انتخاب بھارت اور پاکستان کے 8 اداکاروں میں سے کیا گیا۔
ہمایوں سعید نے اس حوالے سے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ جب انہیں ’دی کراؤن‘ کے لیے ڈاکٹر حسنات کا کردار آفر کیا گیا تو یقین نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ جب مجھے آفر ہوئی اس وقت تک اس سیریز کے 4 سیزن پہلے مکمل ہوچکے تھے اور پانچواں سیزن چل رہا تھا۔ میں یہ سیریز بہت شوق سے دیکھتا تھا، اس لیے جب مجھے ڈاکٹر حسنات کا کردار آفر ہوا تو بہت خوشی ہوئی لیکن جب مجھے آڈیشن کے لیے کہا گیا تو میں تھوڑا پریشان ہوگیا تھا۔ میں نے اپنے ایجنٹ سے کہا کہ میرے چہرے اور اداکاری کی دیگر ویڈیو کلپس دیکھ کر اندازہ لگالیں لیکن آڈیشن دینا ضروری تھا۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے آڈیشن کے لیے پہلے ایک سین ملا جب وہ ریکارڈ کرکے بھیجا تو میرے ایجنٹ نے بتایا کہ بھارت اور پاکستان سے 8 لوگ اس کردار کے لیے آڈیشن دے رہے ہیں اور میں ٹاپ 5 میں ہوں، پھر مجھے آڈیشن کے لیے دوسرا سین ملا۔
اداکار نے انکشاف کیا کہ جس وقت دوسرا سین ملا اس وقت میں کووڈ میں مبتلا تھا اور شاید اسی وجہ سے مجھے یہ کردار مل گیا کیونکہ بخار کی وجہ سے میری آنکھیں سرخ و نم تھیں۔ تاہم دوسرے آڈیشن کے لیے ہدایت کار نادر نے میری مدد کی، کچھ چیزیں درست کروائیں جس کے بعد مجھے ٹاپ 2 میں منتخب کیا گیا۔
ہمایوں سعید نے بتایا کہ اس کے بعد میرا ایک آڈیشن اداکارہ الزبتھ ڈیبیکی کے ساتھ تھا، اس وقت میری بہت تعریف کی گئی جس کی وجہ سے مجھے یقین ہوگیا کہ مجھے سلیکٹ کرلیا گیا ہے لیکن پھر بھی مجھے انتظار کرنے کا کہا گیا اور کافی عرصے کے بعد مجھے سلیکشن کال موصول ہوئی تو خوشی کی انتہا نہیں تھی اور حیرانی بھی ہوئی۔