اداکارہ ریا چکرورتی کو بڑا ریلیف مل گیا
ممبئی ہائی کورٹ کی جانب سے سشانت سنگھ راجپوت کیس میں آنجہانی اداکار کی سابقہ گرل فرینڈ، اداکارہ ریا چکرورتی کے خلاف جاری کردہ ایل او سی کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی ہائی کورٹ نے بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خودکشی کے کیس میں اداکارہ ریا چکرورتی، انِ کے بھائی شوک چکرورتی اور اِن کے والد اندراجیت کے خلاف جاری کیے گئے لُک آؤٹ سرکلر ( ایل او سی ) کو منسوخ کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا ’اے بی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق سینٹرل بیورو آف انویسٹیگیشن ( سی بی آئی ) کے حکم پر اسٹے کی درخواست کو ایک دھچکا لگا ہے کیونکہ ہائی کورٹ کی بینچ نے اس درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت جون 2020ء میں اپنی رہائش گاہ پر مردہ حالت میں پائے گئے تھے جس کے بعد ممبئی پولیس نے حادثاتی موت کی رپورٹ درج کرنے کے بعد تحقیقات شروع کی تھیں۔
سشانت سنگھ راجپوت کے والد نے بہار میں ریا چکرورتی اور ان کے اہل خانہ کے خلاف بیٹے کو خودکشی پر اکسانے کا الزام لگایا تھا۔
ریا چکرورتی اور ان کے بھائی شوک چکرورتی دونوں کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے 2020ء میں سوشانت سنگھ راجپوت سے منسلک منشیات سے متعلق کیس میں گرفتار کیا گیا تھا جبکہ بعد میں اِنہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔