لاڑکانہ میں پیدا ہونیوالے معروف بالی ووڈ فلمساز چل بسے
پاکستانی صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ میں پیدا ہونے والے بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف فلمساز کمار شاہانی 83 برس کی عمر میں چل بسے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے فلمساز کمار شاہانی کی ہفتے کے روز 83 برس کی عمر میں کولکتہ میں موت واقع ہو گئی۔
نامور فلمساز کمار شاہانی کا شمار بھارتی پیرالل سنیما کے علمبرداروں میں ہوتا تھا۔
کمار شاہانی کا کیریئر 6 دہائیوں پر محیط ہے جس میں اُنہوں نے 1972ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’مایا درپن‘ سمیت متعدد تنقیدی طور پر سراہی جانے والی فلموں کی ہدایت دی۔
کمار شاہانی کی فلم ’مایا درپن‘ نے 1973ء میں بہترین فیچر فلم کا نیشنل فلم ایوارڈ بھی جیت چکی ہے۔
7 دسمبر 1940ء کو پاکستانی شہر لاڑکانہ میں پیدا ہونے والے کمار شاہانی نے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹیٹیوٹ آف انڈیا سے تعلیم حاصل کی تھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہانی نے 1958ء اور 1962ء کے درمیان سیاسیات اور تاریخ کی تعلیم بھی حاصل کی۔
معروف فلمساز کمار شاہانی نے ایک استاد اور سنیما تھیوریسٹ کے طور پر بھی بالی ووڈ میں اپنی ایک الگ پہچان بنائی۔