خواتین کی نسبت مرد فنکاروں کیساتھ کام کا اچھا تجربہ رہا: نوال سعید

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی خوبرو اداکارہ نوال سعید نے ساتھی اداکاراؤں کے ساتھ کام کے دوران تلخ تجربے کا انکشاف کیا ہے۔

حال ہی میں نوال سعید نے نجی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی اور اپنے کیرئیر کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔

دوران انٹرویو انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انڈسٹری میں اداکاراؤں کے مقابلے میں مرد فنکاروں کے ساتھ کام کا تجربہ اچھا رہا۔

انہوں نے کہا کہ مرد ساتھی فنکار اپنے ساتھیوں کے ساتھ  نسبتاً بہتر رویہ اختیار کرتے ہیں کیونکہ مجھے جن چند برے تجربات کا سامنا کرنا پڑا وہ خواتین ساتھی فنکاروں کے ساتھ ہی پیش آئے۔

نوال سعید نے بتایا کہ حال ہی میں حارث کے ساتھ کام کیا، ہم دونوں نے باہمی مشاورت کے ساتھ پراجیکٹ میں کام کیا۔ اس کے علاوہ سینیئر اداکار شہروز سبزواری اور  زاہد احمد کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بھی اچھا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ انڈسٹری میں ابتدائی دنوں میں خواتین ساتھی اداکاراؤں کے ساتھ کام کرنا مشکل لگا، ان کے ساتھ تجربہ اچھا نہیں رہا، تاہم اب ایسا نہیں ہے۔

اداکارہ نے ماضی کا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ شروع کے 2 ڈراموں میں مشکل کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ کاسٹنگ کے دوران ان اداکاراؤں نے ہدایت کاروں کو مشورے دیے کہ نوال کے علاوہ کسی اور کو کاسٹ کر لیں۔

نوال سعید نےمزید کہا کہ ماضی میں ساتھی اداکارائیں میرے بارے میں عجیب و غریب باتیں کرتی تھیں، میک اپ آرٹسٹ سے سوال کرتیں کہ کیا میں وگ پہنتی ہوں یا اسکن کیئر پروڈکٹس کونسے استعمال کرتی ہوں۔

واضح رہے کہ نوال سعید نے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز 2017 میں کیا تھا۔ وہ اب تک متعدد ہٹ ڈراموں میں مرکزی اداکارہ اور معاون اداکارہ کے طور پر بھی نظر آ چکی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے