پنکچ ادھاس کی موت کی وجہ سامنے آگئی
گزشتہ روز وفات پانے والے بھارتی غزل گائیک پنکچ ادھاس کی موت کی وجہ سامنے آگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف غزل گائیک پنکچ ادھاس کی موت لبلبے کے کینسر کے سبب ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ چند ماہ قبل پنکچ ادھاس میں لبلبے کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، جس کی وجہ سے وہ مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پنکچ ادھاس کے قریبی دوست اور گلوکار انوپ جلوٹا نے آنجہانی گائیک کی وفات کی اصل وجہ سے پردہ ہٹاتے ہوئے بتایا کہ ’کینسر کے مریضوں کی مدد کرنے والا، خود کینسر کے باعث چل بسا‘۔
انہوں نے بتایا کہ پنکج ادھاس کی موت لبلبے کے کینسر کے سبب ہوئی جس کی تشخیص چند ماہ قبل ہوئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ پنکچ ادھاس کے کینسر کی تشخیص تقریباً 6 ماہ قبل ہوئی تھی تاہم گزشتہ 2 یا 3 ماہ سے ان کی طبعیت زیادہ خراب تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پنکچ ادھاس کی بیٹی نے ان کی موت کی تصدیق کی تھی۔
انہوں نے بذریعہ انسٹاگرام پوسٹ اپنے والد کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ یہ بتاتے ہوئے بےحد افسوس ہورہا ہے کہ پنکچ ادھاس طویل علالت کے باعث ممبئی کے مقامی اسپتال میں وفات پاگئے ہیں۔
خیال رہے کہ ان کی آخری رسومات اس وقت ممبئی میں جاری ہیں، جس میں اہل خانہ کے علاوہ بالی ووڈ کی معروف شخصیات شرکت کر رہے ہیں۔