پاکستان میں ٹیلنٹ سے متاثر ہوا، پاور ہٹنگ میں محنت کرنے کی ضرورت ہے، مائیک ہیسن
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کے ٹیلنٹ سے بہت متاثر ہوا، پاور ہٹنگ میں تھوڑا اور محنت کرنے کی ضرورت ہے۔
جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں کوچنگ کا تجربہ کافی انجوائے کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کے ساتھ ایسے سینئرز بھی ہیں جو خود کو بہتر کرنا چاہتے ہیں۔
ٹیم کی کامیابی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی کامیابی کا راز ٹیلنٹ کو زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا ہے۔
مائیک ہیسن نے کہا کہ ہماری ٹیم میں کئی ایسے کھلاڑی ہیں جو ٹی ٹوئنٹی کی ضروریات پوری کرسکتے ہیں۔ ہمارے لیے اہم یہ ہے کہ کون سا کھلاڑی ٹیم کے کام آسکتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہر پلیئر کی جسامت مختلف طرح کی ہوتی ہے، میرے لیے اہم یہ ہے کہ پلیئر ٹیم کےلیے کیا کردار ادا کر رہا ہے۔
مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ اعظم خان اسپن اور فاسٹ دونوں طرح کی بولنگ پر اٹیک کرسکتا ہے۔ اعظم خان ایک اسپیشل ٹیلنٹ ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ نے کہا کہ اعظم خان میں جو صلاحیت ہیں وہ بہت کم لوگوں کے پاس ہیں، ابھی اعظم پر اور کام کرنا ہے، وہ اب بھی ایک مکمل پراڈکٹ نہیں۔
انکا کہنا تھا کہ اگر اعظم جیسا بیٹر اور تسلسل سے کھیلے تو دنیا کی ہر ٹیم اسے پک کرے گی۔
مائیک ہیسن نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے ٹیلنٹ سے میں بہت متاثر ہوا ہوں، پی ایس ایل میں اسپن بولنگ اٹیک کافی زبردست ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاوور ہٹر میں پاکستان کو تھوڑا اور محنت کرنے کی ضرورت ہے۔