3 بڑے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن، ڈیزائن چیئرمین پی سی بی کو پیش
پاکستا کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل 3 بڑے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن ہو گی۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں چیف آپریٹنگ افسر پی سی بی سلمان نصیر، ڈائریکٹر انفرا اسٹرکچر پی سی بی، جنرل منیجر نیسپاک اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی، قذافی اسٹیڈیم لاہور اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے ابتدائی ڈیزائن محسن نقوی کو پیش کر دیے گئے۔
نیسپاک حکام نے محسن نقوی کو تینوں اسٹیڈیمز کے اپ گریڈیشن کے ابتدائی ڈیزائن کے بارے میں بریفنگ دی۔
چیئرمین پی سی بی نے پی سی بی حکام کے ساتھ ابتدائی ڈیزائن کا تفصیلی جائزہ لیا، انہوں نے تینوں اسٹیڈیمز میں شائقین کرکٹ کے لیے سہولتوں کی بہتری کے لیے نیسپاک حکام کو ضروری ہدایات دیں۔
محسن نقوی نے اپ گریڈیشن کا حتمی پلان جلد تیار کر کے پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی، قذافی اسٹیڈیم لاہور اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا، سہولتوں کی بہتری کے ساتھ میچ ویو کو بہتر بنانے کا پلان بھی تیار کیا جائے گا۔