آئی جی اسلام آباد کی تعیناتی کا معاملہ کھٹائی میں پڑگیا

انسپکٹر جنرل (آئی جی)  اسلام آباد پولیس کی تعیناتی کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا۔

آئی جی اکبر ناصر خان نے چارج چھوڑ دیا، نئے آئی جی علی ناصر رضوی نے اب تک چارج نہیں لیا، سابق آئی جی اکبر ناصر کے عہدہ چھوڑنے کے بعد 3 دن سے آئی جی اسلام آباد کا عہدہ خالی ہے۔

پنجاب حکومت نے  نئے آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے سے انکار کردیا، علی ناصر رضوی ڈی آئی جی آپریشن لاہور کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے علی ناصر رضوی کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد پولیس کے سینئر ڈی آئی جیز نے جونیئر افسر کے آئی جی بننے کے نوٹیفکیشن کے بعد چھٹی کی درخواست دے دی، ڈی آئی جیز ملک اویس، حسن رضا خان اور شعیب جانباز نئے نامزد آئی جی علی ناصر رضوی سے سینئر ہیں۔

اس حوالے سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں، معاملے کو حل کر لیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے