ادارہ فاطمیہ  کے زیرِ اہتمام جشنِ عیدِ غدیر نہایت عقیدت کے ساتھ منایا گیا

Untitled-1

بارسلونا(پ ر) ادارہ فاطمیہ بارسلونا (اسپین) کے زیرِ اہتمام جشنِ عیدِ غدیر نہایت عقیدت، محبت اور روحانی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس بابرکت محفل میں مومنین و مومنات کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام سے اپنی محبت اور وابستگی کا بھرپور اظہار کیا۔

تقریب سے معروف عالمِ دین مولانا سید ضیغم عباس نقوی نے عیدِ غدیر کی اہمیت، فلسفۂ ولایت اور واقعۂ غدیر کے تاریخی و دینی پہلوؤں پر مفصل اور مدلل خطاب فرمایا۔ انہوں نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ غدیرِ خم کا واقعہ صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ امتِ مسلمہ کی ہدایت، قیادت اور وحدت کا ایک عظیم منشور ہے۔ مولانا نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ رسولِ اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نے 18 ذی الحجہ کو حجۃ الوداع سے واپسی پر لاکھوں مسلمانوں کے مجمع میں حضرت علی علیہ السلام کی ولایت کا اعلان فرمایا اور امت کو اہلِ بیتؑ سے وابستگی کا درس دیا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں حدیثِ غدیر “مَن كُنْتُ مَوْلَاهُ فَهٰذَا عَلِيٌّ مَوْلَاهُ” کی تشریح کرتے ہوئے بتایا کہ غدیر کا پیغام محبت، عدل، اخوت اور حق کی سربلندی کا پیغام ہے، اور آج بھی امتِ مسلمہ کی کامیابی اسی پیغام پر عمل کرنے میں مضمر ہے۔

اس موقع پر ذاکرِ اہلِ بیتؑ جناب لسان حیدر نے اپنے خوبصورت انداز میں منقبت و فضائلِ مولا علیؑ بیان کیے، جس سے محفل کا روحانی ماحول مزید معطر ہوگیا۔

عیدِ غدیر وہ عظیم دن ہے جب رسولِ خدا ﷺ نے میدانِ غدیر میں حضرت علی علیہ السلام کے بارے میں فرمایا:

“مَن كُنْتُ مَوْلَاهُ فَهٰذَا عَلِيٌّ مَوْلَاهُ”

یعنی: “جس جس کا میں مولا ہوں، اس اس کے علی مولا ہیں۔”

یہ دن ولایتِ علیؑ، محبتِ اہلِ بیتؑ اور دینِ اسلام کی تکمیل کا دن ہے، جسے دنیا بھر کے محبانِ اہلِ بیتؑ عقیدت و احترام کے ساتھ مناتے ہیں۔

ادارہ فاطمیہ کے تمام منتظمین، مقررین، ذاکرین اور شرکت کرنے والے تمام مومنین و مومنات مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے اس بابرکت محفل میں شرکت کر کے عید غدیر کا جشن منایا-عیدِ غدیر تمام عاشقانِ ولایت اور اہلبیت کو مبارک ہو۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے