تاپسی پنو کی شادی کی ویڈیو منظرِ عام پر آ گئی

تصاویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

حال ہی میں خاموشی سے پیا دیس سدھارنے والی بالی ووڈ انڈسٹری کی معروف اداکارہ تاپسی پنو کی شادی کی ویڈیو منظرِ عام پر آ گئی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اداکارہ تاپسی پنو اور ان کے دیرینہ بوائے فرینڈ اور بیڈمنٹن کھلاڑی میتھیاس بوئے 23 مارچ کو بھارتی ریاست ادے پور میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں۔

اس نوبیاتہا جوڑے نے اب تک باضابطہ طور پر اپنی شادی کا اعلان نہیں کیا اور نہ ہی شادی کی تصاویر یا ویڈیوز شیئر کی ہیں۔

ان کی شادی کے سلسلے میں منعقد ہونے والی ایک تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر لیک ہو گئی ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو گئی۔

یاد رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ’ڈنکی‘ کی اداکارہ کی شادی دو مختلف ثقافتوں، سکھ مذہب اور عسائیت کے تحت ہوئی ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو سے معلوم ہوتا ہے کہ مذکورہ ویڈیو سکھ مذہب کے تحت ہونے والی تقریب کی ہے۔

اس وائرل ویڈیو میں تاپسی پنو کو روایتی دلہن کے روپ میں دیکھا جا سکتا ہے۔

اداکارہ نے شادی کے موقع پر روایتی سرخ بھاری کام والا شلوار سوٹ زیب تن کیا ہوا ہے جبکہ دولہا میاں میتھیاس بوئے سفید شیروانی اور سہرا پہنے نظر آ رہے ہیں۔

وائرل ویڈیو میں تاپسی پنو کالا چشمہ اور پراندہ پہنے ڈانس کرتے ہوئے اسٹیج تک آتی ہیں اور اسٹیج پر پہنچنے کے بعد یہ جوڑا ایک دوسرے کو ورمالا (پھولوں کاہار) پہناتے ہوئے نظر آ رہا ہے۔

واضح رہے کہ تاپسی اور میتھیاس تقریباً گزشتہ 10 برس سے ساتھ ہیں جبکہ جوڑے کو میڈیا پر اپنی نجی زندگی اور معلومات شیئر کرنا پسند نہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کا رشتہ حتیٰ کے شادی بھی میڈیا سے خفیہ رکھی گئی ہے۔

اس جوڑے کی شادی کی تقریب میں قریبی اہلِ خانہ کے علاوہ قریبی دوستوں جن میں ہدایت کار انوراگ کشیپ، پروڈیوسر کنیکا ڈھلون، اداکار پاویل گلاٹی اور ابھیلاش تھپیال شامل ہیں نے شرکت کی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے