اسپین میں شدید گرمی کی لہر کا الرٹ: درجہ حرارت 44 ڈگری تک پہنچنے کا امکان
Screenshot
محکمہ موسمیات نے اتوار سے بدھ تک جاری رہنے والی شدید گرمی کی لہر کے حوالے سے خصوصی انتباہ جاری کیا ہے، جس کے دوران جنوبی اسپین میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ ادارے کے مطابق یہ گرمی کی لہر جمعرات تک بھی جاری رہ سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہفتہ سے درجہ حرارت میں عمومی اضافہ شروع ہوگا، جبکہ اتوار کو گرمی کی شدت مزید بڑھ جائے گی۔ایبرو، تاجو، گوادایانا اور گوادالقیویر کے دریائی علاقوں میں درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ بعض مقامات پر 42 ڈگری بھی ریکارڈ ہو سکتا ہے۔
پیر اور منگل کو گرمی اپنے عروج پر ہوگی، خاص طور پر منگل کے دن، جب بعض علاقوں میں 44 ڈگری تک درجہ حرارت جانے کا امکان ہےشمالی اور پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں خشک آندھیاں اور گرج چمک کے ساتھ طوفان بھی آ سکتے ہیں۔
بدھ سے درجہ حرارت میں معمولی کمی متوقع ہے، تاہم بعض علاقوں میں گرمی برقرار رہے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات سے درجہ حرارت میں واضح کمی آ سکتی ہے، لیکن اس حوالے سے ابھی غیر یقینی صورتحال موجود ہے۔ جمعہ تک مغربی علاقوں میں گرمی کی شدت کم ہونے کی توقع ہے، جبکہ مشرقی علاقوں اور جزائر بالیئرز میں گرمی برقرار رہ سکتی ہے۔