ہم پر لگاتار تیسری بار ٹائٹل جینے کیلئے تھوڑا دباؤ ہوگا، ڈیوڈ ویسا
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے آل راؤنڈر ڈیوڈ ویسا نے کہا ہے کہ لاہور قلندرز صرف ایک ٹیم کی طرح نہیں بلکہ ایک فیملی ہے، ہم پر لگاتار تیسری بار ٹائٹل جیتنے کےلیے تھوڑا دباؤ ہوگا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں ڈیوڈ ویسا نے کہا کہ 6 برسوں سے لاہور قلندرز کے ساتھ منسلک ہوں، رواں سیزن میں بھی اپنی ٹیم کے ساتھ کھیلنے کے لیے پُرجوش ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہر سیزن نیا ہوتا ہے، آپ اسی کے مطابق کھیلتے ہیں، جو ہوچکا وہ ماضی کا حصہ ہے، لاہور قلندرز نے مجھے اس وقت موقع دیا جب میں کہیں بھی نہیں کھیل رہا تھا۔
لاہور قلندرز کے آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ دیگر ٹیمیں بھی مضبوط ہیں، پی ایس ایل میں ٹف میچز ہوں گے، ہم سب انجوائے کرتے ہوئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی شاندار نوجوان کپتان ہیں اور سیکھ رہے ہیں، وہ وقت کے ساتھ میچور کپتان بن رہے ہیں۔
ڈیوڈ ویسا نے یہ بھی کہا کہ شاہین آفریدی جو بھی فیصلہ کرتے ہیں پوری ٹیم انہیں سپورٹ کرتی ہے، لاہور قلندرز کے کپتان اپنی بیٹنگ کو بہتر بنانے کے لیے محنت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ راشد خان کا کوئی نعم البدل نہیں، ان کی اچھی کارکردگی رہی ہے، جب ٹیم کا مورال ڈاؤن ہوتا ہے تو مایہ ناز اسپنر ہمت بڑھاتے ہیں۔
لاہور قلندرز کے آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ راشد خان کی غیر موجودگی میں دیگر بولرز کےلیے خود کو منوانے کا اچھا موقع ہے، ہر سال لاہور قلندرز کی جانب سے کھیلنے کےلیے پُرجوش ہوتا ہوں۔