ملکی صورتحال پر شاہد آفریدی کی فیصلہ سازوں سے اپیل
ملکی موجودہ سیاسی صورتحال پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا بیان بھی سامنے آگیا۔
سیاسی صورتحال پر شاہد آفریدی بہت کم ہی بولتے ہیں لیکن جب سیاسی درجہ حرارت بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے تو وہ بیان دیتے ہیں۔
اس مرتبہ ملکی موجودہ سیاسی صورتحال پر سابق کپتان نے سوشل میڈیا پر پیغام لکھا کہ عام آدمی ہر روز کی ایک نئی کہانی سے تنگ آگیا ہے، اُس کا مسئلہ مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔
شاہد آفریدی نے لکھا کہ فیصلہ سازوں سے ہاتھ جوڑ کر التماس ہے کہ آپس میں مل بیٹھ کر مُلک کو اس ہیجانی کیفیت سے نکالیں۔
سابق کپتان نے لکھا کہ پہلے ہی بہت تماشہ بن گیا ہے، اب یہ وطن مزید صدمے برداشت نہیں کرسکتا۔ خدارا ااپنی آنے والی نسلوں اور اپنے ملک کے لیے سب ایک ہو جاؤ۔
خیال رہے کہ ملک میں عام انتخابات کے بعد حکومت سازی کیلئے جوڑ توڑ جاری ہے۔