بارسلونا میں اسکوٹر کے ذریعے ہونے والی وارداتوں کے خلاف پولیس آپریشن،

Screenshot

Screenshot

بارسلونا میں اسکوٹر کے ذریعے کی جانے والی چوری اور ڈکیتیوں کی روک تھام کے لیے پولیس نے جمعہ 9 جنوری کو ایک خصوصی سیکیورٹی آپریشن کیا، جس کے دوران آٹھ افراد کو گرفتار کیا گیا، چھ الیکٹرک اسکوٹر ضبط کیے گئے اور ایک سو سے زائد افراد کی شناخت کی گئی، جن پر مجموعی طور پر 687 سابقہ مقدمات درج تھے۔

یہ کارروائی بارسلونا کی گواردیا اُربانا پولیس نے موسوس د اِسکوادرا پولیس کے تعاون سے شہر کے مختلف اضلاع میں انجام دی۔ پولیس کے مطابق اس آپریشن کا مقصد نہ صرف اسکوٹر کو فرار کے ذریعے کے طور پر استعمال کر کے کیے جانے والے جرائم کی روک تھام تھا بلکہ مشتبہ یا غیر قانونی ذرائع سے حاصل کیے گئے الیکٹرک اسکوٹرز کی نشاندہی بھی شامل تھی۔

پولیس آپریشن خاص طور پر سیوتات بییا، ایشامپل اور سانت مارتی کے اضلاع میں کیا گیا، جہاں حالیہ مہینوں میں اس نوعیت کے جرائم میں اضافہ دیکھا گیا ہے، بالخصوص سیاحتی مقامات اور تجارتی علاقوں میں۔

کارروائی کے دوران 136 افراد کی شناخت کی گئی، جن کے خلاف مجموعی طور پر 687 سابقہ پولیس ریکارڈ موجود تھے۔ اس کے علاوہ چھ الیکٹرک اسکوٹر ضبط کیے گئے، جن میں سے پانچ عدم ادائیگی کی بنیاد پر جبکہ ایک موجودہ ضوابط کی خلاف ورزی پر تحویل میں لیا گیا۔

آپریشن کے نتیجے میں مجموعی طور پر آٹھ گرفتاریاں عمل میں آئیں۔ ایک شخص کو پولیس اہلکاروں پر حملے کے الزام میں، ایک کو عدالتی وارنٹ پر، ایک کو حراست سے متعلق جرم پر جبکہ پانچ افراد کو کم درجے کی چوری کے الزامات میں گرفتار کیا گیا۔ مزید چار افراد کے خلاف معمولی چوری کی تحقیقات جاری ہیں۔

اس دوران بلدیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر 14 جرمانے عائد کیے گئے جبکہ سروی کاتالا دے ٹرانزٹ کی جانب سے بھی ایک جرمانہ جاری کیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہری سلامتی کو بہتر بنانے اور حساس علاقوں میں اسکوٹر کے ذریعے جرائم کے تدارک کے لیے ایسے آپریشن آئندہ بھی وقفے وقفے سے جاری رکھے جائیں گے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے