ویلینسیا میں جعلی کرایہ ناموں کے ذریعے غیر قانونی قیام میں مدد دینے والا گروہ گرفتار
Screenshot
ویلنسیا/ ہسپانوی نیشنل پولیس نے صوبہ ویلینسیا میں ایک ایسے گروہ کو بے نقاب کیا ہے جو غیر ملکی شہریوں کو جعلی کرایہ نامے فراہم کر کے اسپین میں غیر قانونی طور پر قیام میں مدد دے رہا تھا۔
پولیس کے مطابق اس کارروائی میں اب تک 28 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن پر غیر قانونی امیگریشن میں سہولت فراہم کرنے، دستاویزات میں جعلسازی اور دھوکہ دہی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
تحقیقات کا آغاز اپریل 2025 میں ہوا جب ویلینسیا کے ایک گھر میں مشکوک سرگرمیاں سامنے آئیں، جہاں متعدد افراد جعلی دستاویزات کے ذریعے رجسٹرڈ تھے۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ کم از کم آٹھ افراد نے فرضی کرایہ ناموں کے ذریعے اپنا اندراج (empadronamiento) کروایا۔
پولیس کے مطابق مرکزی ملزم اور اس کی ساتھی قانونی طور پر گھروں کو کرائے پر لیتے تھے اور بعد میں انہی گھروں کے جعلی کرایہ نامے غیر قانونی تارکینِ وطن کو تقریباً 300 یورو کے عوض فروخت کرتے تھے۔ ان دستاویزات کو رہائش کے اندراج اور اقامتی اجازت نامے کی درخواستوں میں استعمال کیا جاتا تھا۔
پولیس نے اس نیٹ ورک سے منسلک کم از کم چار رہائش گاہوں کی نشاندہی کر لی ہے جبکہ تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔