ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی ،ہسپانوی جوڑے کی دبئی میں اپنی شادی کی توثیق رک گئی
Screenshot
ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خلیج فارس کی فضائی حدود کی بندش نے ایک ہسپانوی جوڑے کے ازدواجی معاملات کو شدید متاثر کر دیا۔ صوبہ کاسیریس کے شہر خارائیز دے لا ویرا سے تعلق رکھنے والے سانتیاگو نیوو اپنی اہلیہ خدیجہ کے ساتھ شادی کی توثیق کے لیے ابوظہبی میں ہسپانوی سفارت خانے میں پیش ہونے والے تھے، مگر اچانک پیدا ہونے والی جغرافیائی سیاسی صورتحال نے ان کے تمام انتظامات درہم برہم کر دیے۔
سانتیاگو اس وقت اسپین میں موجود تھے جبکہ ان کی اہلیہ متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں۔ فضائی حدود کی بندش کے باعث یکم مارچ کو ان کی طے شدہ پرواز منسوخ ہو گئی اور وہ میڈرڈ کے اڈولفو سواریز میڈرڈ باراخاس ہوائی اڈے پر پروازوں کی بحالی کے منتظر رہے۔ ان کے مطابق اکتوبر سے سفارت خانے میں دو اہم ملاقاتوں کا وقت لیا گیا تھا تاکہ بیرون ملک انجام پانے والی شادی کو اسپین میں باضابطہ طور پر رجسٹرڈ کرایا جا سکے، مگر موجودہ حالات کے باعث کم از کم ایک ملاقات ضائع ہو چکی ہے۔
سانتیاگو کا کہنا ہے کہ سب سے تکلیف دہ لمحہ وہ تھا جب ان کی اہلیہ نے خوف زدہ ہو کر فون کیا اور خدشہ ظاہر کیا کہ اگر حالات مزید بگڑ گئے تو ان کی بیٹی کا خیال رکھا جائے۔ ان کے بقول غیر یقینی صورتحال نے خاندان کو ذہنی دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے۔
ادھر باداخوس سے تعلق رکھنے والا ایک اور ہسپانوی جوڑا بھی دبئی میں پھنس گیا ہے۔ تقریباً تیس مسافروں کے ساتھ ان کی واپسی کی پرواز بھی منسوخ کر دی گئی۔ حکام کے مطابق خطے میں جاری کشیدگی کے باعث کئی پروازیں عارضی طور پر معطل ہیں، جس سے متعدد یورپی شہری متاثر ہوئے ہیں۔