پیدروسانچز کا 2027 تک حکومت جاری رکھنے کا اعلان، اپوزیشن پر “سازشی ہتھکنڈوں” سے حکومت گرانے کی کوشش کا الزام
Screenshot
اسپین کے وزیرِ اعظم پیدرو سانچیز نے 2027 تک اپنی حکومت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک “چالاک اور سازشی اپوزیشن” ملک کی ترقی کو روکنا یا پیچھے دھکیلنا چاہتی ہے اور “غلط طریقوں” سے ترقی پسند حکومت کو گرانا چاہتی ہے۔
انہوں نے یہ بات میڈرڈ میں PSOE کی یوتھ تنظیم کے 27ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں وہ حالیہ عدالتی معاملات اور پارٹی کے گرد بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی کے پس منظر میں پہلی بار کارکنان سے مخاطب ہوئے۔
سانچیز نے کہا کہ وہ اپنی حکومت کی مدت مکمل کریں گے اور 2027 تک اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا “ہم اسپین کو آگے بڑھانے کے اپنے منصوبے پر قائم رہیں گے، اور کوئی ہمیں روک نہیں سکتا۔”
وزیرِ اعظم نے اپوزیشن (خصوصاً پی پی اور ووکس) پر الزام لگایا کہ وہ بے بنیاد الزامات کے ذریعے حکومت کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان الزامات کا بھرپور جواب دے گی اور اپوزیشن کو حقیقت تسلیم کرنی چاہیے کہ اسپین اس وقت حالیہ برسوں کے بہترین دور سے گزر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مسائل سے انکار نہیں کرتی بلکہ اندرونی اور بیرونی تمام چیلنجز کا سامنا کرتی آئی ہے، تاہم اپوزیشن کو بھی ملک کی مثبت پیش رفت کو تسلیم کرنا چاہیے۔