ویلنسیا،، پیسوں کے عوض جعلی رجسٹر (ایمپادرون) کرنے کا انکشاف،دو افراد گرفتار
Screenshot
ویلنسیا: پولیس نے ساگونتو (ویلنسیا) میں 38 اور 55 سال کے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جن پر الزام ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر اسپین میں مقیم غیر ملکی شہریوں کو پیسوں کے عوض جعلی طور پر ایک ہی گھر کے پتے پر رجسٹر (ایمپادرون) کرتے تھے۔ پولیس کے مطابق یہ گھر ویلنسیا کے علاقے ایل پُوگ میں واقع ہے۔
تحقیقات کا آغاز اس وقت ہوا جب ایل پُوگ کی مقامی پولیس نے ایک گھر میں مشکوک رجسٹریشنز کے بارے میں رپورٹس بھیجیں۔ بعد ازاں نیشنل پولیس کی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ اس گھر میں کل 18 افراد رجسٹرڈ تھے، جن میں سے 12 غیر ملکی شہری تھے۔
مزید چھان بین میں یہ بات سامنے آئی کہ ان میں سے اکثر لوگ حقیقت میں اس گھر میں رہائش پذیر نہیں تھے بلکہ انہوں نے 150 سے 800 یورو تک رقم ادا کر کے جعلی رجسٹریشن حاصل کی تھی۔ اس کام کا مرکزی ملزم گھر کا مالک تھا، جبکہ دوسرا شخص بطور درمیانی رابطہ (ایجنٹ) کام کرتا تھا اور غیر ملکیوں کے لیے یہ عمل آسان بناتا تھا۔
پولیس کے مطابق اس طرح کی جعلی رجسٹریشن کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو بعد میں قانونی دستاویزات حاصل کرنے میں سہولت مل سکے۔
حکام نے یہ بھی بتایا کہ ملزمان لوگوں کی مجبوری اور کمزوری کا فائدہ اٹھا کر مالی فائدہ حاصل کر رہے تھے۔ متعلقہ گھر میں رہائش کے بنیادی سہولیات بھی موجود نہیں تھیں اور بعض اوقات وہاں بجلی اور پانی تک دستیاب نہیں تھا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے صرف کاغذی کارروائی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
گرفتار افراد کو ابتدائی بیان کے بعد رہا کر دیا گیا ہے، تاہم انہیں عدالت میں طلب کیے جانے پر پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔