ہسپانوی وزیراعظم پیدرو سانچز کی اہلیہ  بیگونیا کا پاسپورٹ ضبط، ہر 15 دن بعد حاضری لازمی،عدالت

Screenshot

Screenshot

اسپین میں ایک اہم عدالتی پیش رفت کے تحت جج پینادو نے وزیرِاعظم پیدروسانچز کی اہلیہ بیگونیا گونز کا پاسپورٹ عارضی طور پر ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہیں ہر 15 دن بعد عدالت میں پیش ہو کر دستخط کرنے کی پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔

عدالت نے یہ اقدامات ممکنہ مقدمے کے آغاز سے قبل احتیاطی تدابیر کے طور پر کیے ہیں۔ یہی پابندیاں ان کی مشیر کرستینا آلواریز پر بھی لاگو کی گئی ہیں، اور یہ اس وقت تک برقرار رہیں گی جب تک کیس کا حتمی فیصلہ نہیں آ جاتا۔

جج کے مطابق بیگونیا گومیز پر اثر و رسوخ کے ناجائز استعمال، کاروباری بدعنوانی، غیر قانونی طور پر رقم رکھنے اور سرکاری فنڈز میں خرد برد جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب کیس میں ایک نئی الگ تحقیقات شروع کی گئی، جس کی بنیاد یورپی پراسیکیوشن کی طرف سے بھیجی گئی معلومات ہیں۔ اس میں سرکاری ادارے Red.es کے ایک چار ملین یورو سے زائد کے ٹھیکے میں مبینہ بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

تحقیقات کے مطابق اس ٹھیکے کے عمل میں ایک ضروری دستاویز (وائٹ پیپر) کی عدم موجودگی کو نظرانداز کیا گیا۔ یہ کنٹریکٹ آخرکار کمپنی Innova Next کو دیا گیا، جو کاروباری شخصیت خوان کارلوس بارابیس کی ملکیت ہے، اور جس نے KPMG کے ساتھ مل کر کام کیا۔

بارابیس پہلے ہی اس کیس میں نامزد ہیں اور انہوں نے بیگونیا گومیز کے ساتھ جامعہ کمپلوتنسے میں ایک منصوبے پر تعاون بھی کیا تھا۔ مزید یہ کہ گومیز کی جانب سے انہیں مختلف سرکاری ٹھیکوں کے لیے سفارشاتی خطوط بھی دیے گئے تھے۔

گارڈیا سول کی تحقیقاتی یونٹ (UCO) نے داخلی ای میلز کے مسودے بھی دریافت کیے، جن سے یہ تاثر ملتا ہے کہ پیشکش میں موجود کمی کو چھپانے کی کوشش کی گئی۔

یورپی پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ اختیارات کے ناجائز استعمال اور یورپی یونین کے مالی مفادات کے خلاف دھوکہ دہی کے زمرے میں آ سکتا ہے۔

تاہم جج نے واضح کیا ہے کہ نئی تحقیقات فی الحال صرف بارابیس کے خلاف ہیں، اور بیگونیا گومیز کے خلاف جاری مرکزی مقدمے پر اس کا فوری اثر نہیں پڑے گا۔ یہ مقدمہ اپنی ابتدائی تحقیقات مکمل کر چکا ہے اور اب باضابطہ ٹرائل شروع ہونے کا انتظار ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے