یورپ میں جاری شدید گرمی کی لہر، برطانیہ، اٹلی اور اسپین میں ہائی الرٹ
Screenshot
یورپ میں جاری شدید گرمی کی لہر کے باعث اٹلی، برطانیہ اور اسپین نے بھی ہنگامی انتباہات جاری کر دیے ہیں۔اٹلی میں وزارتِ صحت نے روم اور میلان سمیت 15 شہروں میں ریڈ الرٹ نافذ کر دیا ہے، جبکہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں میں مزید شہروں کو بھی اس فہرست میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
برطانیہ میں حکام نے جنوبی انگلینڈ کے بعض علاقوں کے لیے شدید گرمی کا نایاب ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ موسمیاتی اداروں کے مطابق آئندہ دنوں میں جون کے مہینے کا تاریخی درجہ حرارت ریکارڈ ٹوٹ سکتا ہے۔
شدید گرمی کے پیش نظر متعدد اسکولوں نے طلبہ کی حفاظت کے لیے تدریسی اوقات کم کر دیے ہیں یا عارضی طور پر بندش کا فیصلہ کیا ہے۔
اسپین میں بھی صورتحال تشویش ناک ہے، جہاں حکام نے ملک کے بیشتر حصوں میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا ہے۔ جبکہ اندلس، باسک اور کانتابریا کے بعض علاقوں میں غیر معمولی خطرے کے باعث انتباہ کی بلند ترین سطح جاری کی گئی ہے۔
ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ موجودہ گرمی کی لہر گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران یورپ میں آنے والی شدید ترین گرمی کی لہروں میں سے ایک ہے۔
یہ صورتحال 2003 کے تباہ کن موسمِ گرما کی یاد تازہ کرتی ہے، جب یورپ میں شدید گرمی کے باعث ہزاروں افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔
ماہرین کے مطابق موجودہ حالات ایک بار پھر موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات، شدید موسمی واقعات کی شدت اور ان سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اختیار کرنے کی ضرورت کو اجاگر کر رہے ہیں۔