بارسلونا کے علاقے مارتوریلاس میں مکھیوں کی بہتات پر صحت کا پری الرٹ جاری
Screenshot
بارسلونا کے علاقے مارتوریلاس کی میونسپلٹی نے صنعتی علاقے میں مکھیوں کے ایک مرکز کے باعث صحت سے متعلق پری الرٹ جاری کر دیا ہے، جس سے قریبی رہائشیوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں۔
بلدیہ نے اس مسئلے کی ذمہ دار کمپنی سے رابطہ کیا ہے اور اسے ہدایت جاری کی ہے کہ متاثرہ مواد کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔ میونسپل ویب سائٹ کے مطابق، مکھیوں کی اس بہتات کا تعلق اسی پلاسٹک ری سائیکلنگ کمپنی سے ہے جو گزشتہ ہفتے جیرونا کے علاقے ہوستالریچ میں بھی اسی نوعیت کے واقعے کی ذمہ دار تھی۔
میونسپل انتظامیہ نے عوام کو تسلی دی ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور فوری اور مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں جمعرات کو میونسپل ایمرجنسی کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا، جس میں میئر، کونسلرز، تکنیکی ماہرین، مقامی پولیس اور متعلقہ کمپنی کے نمائندے شریک ہوئے۔
کمپنی نے گودام کے باہر جمع متاثرہ مواد کا کچھ حصہ ہٹا دیا ہے، مختلف مقامات پر فیرومون جال نصب کیے ہیں اور کئی بار اسپرے بھی کیا ہے۔ ہوسٹالریچ میں بھی اسی طرح ہنگامی صحت منصوبہ فعال کیا گیا تھا اور متعلقہ اداروں کو مطلع کیا گیا تھا، جہاں متاثرہ کچرا ہٹا کر 150 سے زائد فیرومون جال نصب کیے گئے تھے۔