یوٹیوب پر تو ہماری لاتعداد اولادیں ہوگئی ہیں: آریز احمد
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ہردلعزیز خوبرو جوڑی اداکار آریز احمد اور ان کی اہلیہ و اداکارہ حبا بخاری نے خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے کھل کر بات کی۔
حال ہی میں یہ فنکار جوڑی نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں نظر آئی جہاں انہوں نے اپنے کیرئیر کے علاوہ خاندانی منصوبہ بندی اور سوشل میڈیا پر گردش کرتی افواہوں پر لب کشائی کی۔
دوران انٹرویو میزبان نے اداکارہ سے دریافت کیا کہ شادی کو کتنا عرصہ ہوگیا، جس پر انہوں نے بتایا کہ ڈھائی برس۔ اداکارہ کے جواب پر میزبان نے ان سے فیملی پلاننگ سے متعلق سوال کیا۔
میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے آریز احمد نے کہا ہم پر اپنے گھر والوں کی جانب سے کوئی دباؤ نہیں ہے البتہ دیگر افراد کو ہمارے بچے کی بہت فکر ہے اور سوال بھی کرتے ہیں۔
اداکار نے دلچسپ قصہ سناتے ہوئے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ایک آنٹی ہمیں ملیں، انہوں نے مجھ سے سوال کیا کہ، کیا میرا بچہ ہوگیا ہے؟، جس پر میں نے انہیں جواب دیا کہ یوٹیوب پر تو ہوگیا ہے لیکن ہمارا اصل میں نہیں ہوا، یوٹیوب پر تو ہماری لاتعداد اولادیں ہوگئی ہیں۔
دریں اثناء حبابخاری نے کہا کہ یوٹیوب پر تو ہماری شادی کے 6 ماہ بعد ہی اولاد ہوگئی تھی اور اس خوشی میں آریز نے میری بہنوں کو مہنگے تحائف بھی دیئے ہیں۔
فنکار جوڑی نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر ہماری تصاویر کا غلط استعمال کرکے جھوٹی و جعلی خبریں شیئر کی جاتی ہیں۔
ان کے جوابات سن کر میزبان نے ایک بار پھر اصرار کرتے ہوئے اپنا سوال دہرایا تو آریز احمد نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ حقیقت میں صرف اللّٰہ ہی بہتر جانتا ہے، جب اسے منظور ہوگا تب اولاد ہو جائے گی۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے اہلیہ و اداکارہ حبا بخاری سے اپنے بچوں کی ماں بننے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
یاد رہے کہ اداکار آریز احمد اور اداکارہ حبا بخاری 2022ء میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔