Screenshot
مشہور فٹبال کوچ پیپ گواردیولا نے اپنی سابق اہلیہ کرستینا سیرا سے علیحدگی کی وجہ پہلی بار تفصیل سے بیان کر دی ہے۔ یہ انکشاف پرائم ویڈیو کے نئے ڈاکیومنٹری پروگرام A Beautiful Obsession (ایک خوبصورت جنون) میں سامنے آیا ہے، جس میں گواردیولا کی مانچسٹر سٹی کے ساتھ آخری سیزن اور ان کی ذاتی زندگی کے مختلف پہلو دکھائے گئے ہیں۔

ڈاکیومنٹری میں گواردیولا نے بتایا کہ وہ اور کرستینا سیرا تقریباً 30 سال تک ایک ساتھ رہے، جن میں 10 سال شادی شدہ زندگی بھی شامل تھی۔ دونوں کے تین بچے ہیں، ماریا، ماریئس اور ویلنتینا۔
گواردیولا نے دسمبر 2024 میں اپنے کھلاڑیوں سے بات کرتے ہوئے اپنی نجی زندگی کے بارے میں بتایا تھا’’لڑکو، میں آپ سے ایک بات کہنا چاہتا ہوں۔ میں اس دنیا کی سب سے خوبصورت عورت، اپنی بیوی، سے طلاق لینے جا رہا ہوں۔ کیا میں اس سے محبت کرتا ہوں؟ بالکل۔ کیا وہ مجھ سے محبت کرتی ہے؟ ہاں۔ لیکن ہم نے اپنا جذبہ کھو دیا ہے، اور اس کی بہت سی وجوہات ہیں۔‘‘

انہوں نے اپنے کھلاڑیوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں انسان جو بھی کام کرے، اسے جذبے اور شوق کے ساتھ کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں صرف اچھے کھلاڑی نہیں بلکہ جذبے سے کھیلنے والے کھلاڑی چاہییں۔
گواردیولا اور کرستینا کی علیحدگی اس وقت عوام کے علم میں نہیں تھی۔ جنوری 2025 میں ہسپانوی صحافیوں لورا فا اور لورینا وازکویز نے اس طویل عرصے سے قائم جوڑے کی علیحدگی کی خبر دی تھی۔
رپورٹ کے مطابق دونوں کے درمیان اب بھی محبت اور باہمی احترام موجود ہے اور علیحدگی بھی دوستانہ انداز میں ہوئی۔ گزشتہ مئی میں مانچسٹر سٹی سے گواردیولا کی رخصتی کے موقع پر کرستینا سیرا بھی وہاں موجود تھیں، جس کے بعد ان دونوں کے دوبارہ ساتھ آنے کی قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں، تاہم ان کے قریبی ذرائع نے ایسی کسی مفاہمت کی تردید کی۔
گواردیولا اور کرستینا اس وقت الگ الگ زندگی گزار رہے ہیں اور دونوں بارسلونا میں مقیم ہیں۔ گواردیولا اپنے 95 سالہ والد، بچوں اور بہن بھائیوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے پر توجہ دے رہے ہیں، جبکہ کرستینا خاندانی فیشن کاروبار Serra Claret سے وابستہ ہیں۔
