Screenshot
میڈرڈ: ہسپانوی سول پروٹیکشن اور ایمرجنسیز نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ آئندہ منگل (21 جولائی) سے شروع ہونے والی شدید گرمی کی لہر کے دوران دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور خاص طور پر بزرگ افراد، بیماروں اور اکیلے رہنے والوں کا خیال رکھیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ ہیٹ ویو منگل سے شروع ہو کر کم از کم جمعرات (23 جولائی) تک جاری رہ سکتی ہے، جس دوران بعض علاقوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر سکتا ہے۔
یہ شدید گرمی زیادہ تر جنوبی اور جنوب مشرقی علاقوں، وادی گوادلکویویر، وادی ایبرو، شمال مشرقی نشیبی علاقوں، پیرینیز کی وادیوں اور جزیرہ مالورکا کے اندرونی حصوں کو متاثر کرے گی۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ دن کے درمیانی اوقات میں خطرہ زیادہ ہوگا، خاص طور پر کمزور افراد اور باہر کام کرنے والوں کے لیے۔ اس کے علاوہ گرم راتیں، جنگلاتی آگ کا شدید خطرہ اور پہاڑی علاقوں میں خشک آندھیوں کا بھی امکان ہے۔
سول پروٹیکشن نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ ٹھنڈی اور ہوا دار جگہوں پر رہیں،ہلکی اور پانی والی غذا (پھل، سبزیاں) استعمال کریں،زیادہ پانی اور مشروبات پئیں،ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں اور سر کو ڈھانپیں،دوپہر کے وقت سخت جسمانی مشقت سے پرہیز کریں
جنگلاتی آگ سے بچاؤ کی ہدایات
حکام نے جنگلاتی آگ سے بچنے کے لیے بھی احتیاطی تدابیر جاری کی ہیں،سگریٹ کے ٹکڑے یا کچرا نہ پھینکیں،شیشے کی بوتلیں نہ چھوڑیں کیونکہ یہ سورج کی روشنی سے آگ لگا سکتی ہیں،جنگلات یا قریبی علاقوں میں آگ نہ جلائیں،صرف اجازت یافتہ مقامات پر کیمپنگ کریں
اگر کہیں آگ لگتی نظر آئے تو فوری طور پر ایمرجنسی نمبر 112 پر اطلاع دیں۔ اگر آگ کا سامنا ہو جائے تو جنگل میں داخل ہونے سے گریز کریں اور حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔
