طارق روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، شاہراہ فیصل سمیت سب علاقے کلیئر ہیں، میئر کراچی
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ طارق روڈ انڈر پاس کلیئر ہے، ٹریفک معمول کے مطابق چل رہی ہے۔
کراچی میں آج ہونے والی بارش کی صورتحال کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ شاہراہ قائدین ٹریفک کےلئے کلیئر ہے۔ ٹاور کے مقامات بھی ٹریفک کےلئے کلیئر ہیں، وہاں سے ٹریفک گزر رہی ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ روڈ کے کونے پر موجود پانی بھی ہٹانے کے لئے مشینری کام کر رہی ہے۔ آئی آئی چندریگر روڈ پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے، پانی جمع نہیں ہوا۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ گولیمار انڈر پاس بھی صاف کر دیا گیا ہے، وہاں ٹریفک کےلئے کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہ فیصل میٹروول سے ائیرپورٹ تک کلیئر ہے۔ ڈرگ روڈ انڈر پاس پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ جہاں پانی جمع ہے وہاں واٹر کارپوریشن اور کے ایم سی کا عملہ کام کر رہا ہے۔ ضلع جنوبی کے نشیبی علاقوں میں صورتحال کنٹرول میں ہے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقوں میں کنٹونمنٹ کا عملہ کام کر رہاہے۔ جبکہ پی ڈی ایم اے کے مشینری اور باؤزر پانی نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔