کاتالونیا میں 10 دنوں میں 10 ہزار خون کے عطیات حاصل کرنے کی مہم کا آغاز
Screenshot
بارسلونا(دوست نیوز)کاتالونیا میں خون کے 10 ہزار عطیات جمع کرنے کے لیے 10 روزہ مہم کا آغاز جمعرات کو بارسلونا سے ہو گیا۔ اس مہم کا افتتاح شہر کے معروف مقام سانت پاؤ میں کیا گیا، جو 17 جنوری تک بارسلونا کے ان 11 مقامات میں شامل ہوگا جہاں اس فلاحی مہم کے تحت خون جمع کیا جائے گا۔

یہ مہم بینک دے سانگ ای ٹیکسٹس (BST) کے زیر اہتمام منعقد کی جا رہی ہے، جس کا مقصد کرسمس کے بعد خون اور پلازما کے ذخائر میں آنے والی تقریباً 20 فیصد کمی کو پورا کرنا ہے۔ 2026 کی اس مہم کے دوران پورے کاتالونیا میں 102 کیمپ لگائے گئے ہیں۔ بارسلونا میں پالاؤ روبرت اور پالاؤ دے لا میوزیکا جیسے تاریخی اور ثقافتی مقامات بھی اس مقصد کے لیے اپنے دروازے کھولیں گے۔

اس مہم کے تحت پہلی بار 10 جنوری بروز ہفتہ بارسلونا کے 50 فواروں کو سرخ روشنی سے روشن کیا جائے گا، جو خون کے عطیے کی علامت ہوگا۔ “”وہ رشتے جو ہمیں انتہائی طاقتور بناتے ہیں”” کے نعرے کے ساتھ چلنے والی اس مہم میں اس بے لوث عمل کو اجاگر کیا جا رہا ہے جو کئی اسپتالوں کے مریضوں کے لیے زندگی کا سبب بنتا ہے اور معاشرے کے ساتھ ایک گہرا اور غیر مرئی رشتہ جوڑتا ہے۔
اس سال پہلی مرتبہ خون دینے والوں کے لیے ورچوئل ریئلٹی عینک متعارف کرائی گئی ہے۔ یہ ٹیکنالوجی گزشتہ موسمِ گرما میں کان روتی اسپتال میں آزمائی گئی تھی اور اسے مثبت ردعمل ملا تھا۔ ان عینکوں کا مقصد ایک طرف خون دینے کے دوران گھبراہٹ کم کرنا ہے اور دوسری طرف نوجوان عطیہ دہندگان کو راغب کرنا ہے۔

بینک آف بلڈ کے مطابق خون کا عطیہ دینے میں صرف 20 منٹ لگتے ہیں اور ایک عطیہ سے تین جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔ ادارے کا اندازہ ہے کہ 2026 میں کاتالونیا کے اسپتالوں میں 70 ہزار سے زائد مریضوں کو خون، پلازما یا پلیٹ لیٹس کی ضرورت ہوگی۔ ان ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 2 لاکھ 40 ہزار سے زیادہ عطیات درکار ہوں گے۔
خون دینے کے لیے شرائط
- عمر 18 سے 70 سال کے درمیان ہو
- وزن 50 کلوگرام سے زیادہ ہو
- آخری عطیے کو کم از کم دو ماہ گزر چکے ہوں
12 سال کی عمر سے پہلے ہیپاٹائٹس ہونے کے باوجود خون دیا جا سکتا ہے، اسی طرح باقاعدہ ادویات استعمال کرنے والے افراد بھی عطیہ دے سکتے ہیں۔ خواتین سال میں زیادہ سے زیادہ تین جبکہ مرد چار بار خون عطیہ کر سکتے ہیں۔