پوپ لیو چہاردہم کی اسپین آمد متوقع، ساگرادا فامیلیا مجوزہ دورے کا مرکزی پڑاؤ
ویٹیکن ذرائع کے مطابق پوپ لیو چہاردہم رواں برس اسپین کا دورہ کرنے کے خواہاں ہیں، جس کے مجوزہ سفرنامے میں بارسلونا، میڈرڈ اور جزائرِ قناری شامل ہیں۔ ابتدائی منصوبے کے مطابق بارسلونا میں واقع نامکمل مگر عالمی شہرت یافتہ ساگرادا فامیلیا باسیلیکا اس دورے کا اہم ترین پڑاؤ ہوگی۔
اسپین کی ایپسکوپل کانفرنس کے نائب صدر اور میڈرڈ کے آرچ بشپ خوسے کوبو نے پوپ کے سفری عزائم کی تصدیق کی ہے۔ کوبو نے بتایا کہ انہوں نے بارسلونا کے آرچ بشپ جوان جوسپ اومیلا اور جزائرِ قناری کے بشپ خوسے مازویلوس کے ہمراہ ویٹیکن میں پوپ سے ملاقات کی، جہاں پوپ نے اسپین آنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اسپین کی کیتھولک قیادت کی جانب سے دورے کا ایک ابتدائی خاکہ تیار کر کے ویٹیکن کو پیش کیا جا چکا ہے، جس کی حتمی منظوری ابھی باقی ہے۔ اگرچہ دورے کی تاریخوں کا تعین نہیں ہوا، تاہم خوسے کوبو کے مطابق عملی تیاری کے لیے ابتدائی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں آرچ بشپ کوبو نے کہا کہ پوپ کے دورے کے لیے انتظامی اور سکیورٹی کے لحاظ سے ایک بڑا آپریشن درکار ہوتا ہے، مگر اس معاملے میں سب سے زیادہ دلچسپی خود پوپ لیو چہاردہم کی ہے۔ ان کے بقول، پوپ خاص طور پر بارسلونا جانا چاہتے ہیں، جبکہ جزائرِ قناری میں ان کی دلچسپی وہاں جاری مہاجرتی بحران کے باعث ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آخری بار 2010 میں پوپ بینیڈکٹ شانزدہم نے بارسلونا کا دورہ کیا تھا، جب انہوں نے 6 اور 7 نومبر کو ساگرادا فامیلیا کو بطور مائنر باسیلیکا مقدس قرار دیا تھا۔
گزشتہ برس ستمبر میں ساگرادا فامیلیا کے تعمیراتی بورڈ نے اعلان کیا تھا کہ وہ نئے منتخب پوپ کا خیرمقدم کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ توقع ہے کہ جون میں معروف معمار انتونی گاودی کی وفات کی صد سالہ برسی کے موقع پر باسیلیکا میں ایک خصوصی عبادت منعقد کی جائے گی۔
اسی مہینے ساگرادا فامیلیا کا سب سے بلند مینار، ٹاور آف جیزس کرائسٹ، بھی مکمل کیے جانے کا امکان ہے۔
ادھر اکتوبر میں کاتالونیا کے صدر سالوادور ایلا نے ویٹیکن میں پوپ لیو چہاردہم سے ملاقات کی تھی اور انہیں کاتالونیا، ساگرادا فامیلیا اور مونتسیرات کے دورے کی باضابطہ دعوت دی