رودالیز ٹرینیں پیر سے جزوی طور پر بحال، ایک ماہ تک مفت سفر

Screenshot

Screenshot

بارسلونا(دوست نیوز)کاتالونیا میں رودالیز ٹرین سروس پیر سے ایک بار پھر بحال ہو رہی ہے، تاہم ابتدائی طور پر یہ سروس جزوی ہوگی۔ دو دن مکمل بندش اور ایک ہفتے کے شدید انتشار کے بعد مسافروں کو یہ سہولت دی جا رہی ہے، جبکہ ایک ماہ تک ٹرینوں میں سفر مکمل طور پر مفت ہوگا۔

محکمہ ریلوے انفراسٹرکچر کے نگران ادارے ایدیف (Adif) کے مطابق جہاں ٹرین سروس ابھی بحال نہیں ہو سکے گی وہاں متبادل طور پر بسیں چلائی جائیں گی، اور مختلف حصوں میں سروس مرحلہ وار مکمل طور پر بحال کی جائے گی۔ ٹرینیں پیر کی صبح 6 بجے سے چلنا شروع ہوں گی، تاہم حکام نے خبردار کیا ہے کہ ابتدائی دنوں میں اوقاتِ کار میں کچھ بے قاعدگیاں ہو سکتی ہیں۔

R1 لائن ہسپتالیت دے یوبریگات سے بلانیس تک ٹرین کے ذریعے چلائی جائے گی، جبکہ باقی حصے میں بس سروس فراہم کی جائے گی۔ اس کے برعکس R2 اور R4 لائنیں مکمل طور پر بحال ہوں گی۔

نقل و حمل کے سیکریٹری آف اسٹیٹ خوسے انتونیو سانتانو کے مطابق اس انتظام کے ذریعے کاتالونیا کی 80 فیصد سے زائد آبادی کو ریلوے سروس فراہم کی جا رہی ہے۔ وزیرِ علاقائی ترقی اور حکومتِ کاتالونیا کی ترجمان سلویہ پانے کے نے بتایا کہ ان تین لائنوں سے تقریباً تین لاکھ مسافر روزانہ مستفید ہوتے ہیں، اسی لیے ان پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

کچھ دیگر لائنوں پر متبادل بس سروس فراہم کی جائے گی، جن میں:

  • R3: فابرا ای پویگ سے پُوئگسردا تک
  • R4: مانریسا سے تراسا تک
  • RL4: سیرویر ا سے مانریسا تک
  • R13: وینائیشا سے سانت ویسینس دے کالدرس تک
  • R14: ریوس سے وینائیشا تک
  • R15: ریوس سے ریبا روخا دے ایبرے تک

لیلیدا سے چلنے والی Avant سروس بھی ریزرویشن کے ساتھ مفت ہوگی۔

یہ اعلان جنرالیتات، رینفے اور ایدیف کے درمیان اتوار کو ہونے والے اجلاس کے بعد کیا گیا۔ سلویہ پانے کے نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح جلد از جلد سروس کی بحالی ہے، تاہم حالیہ مسائل برسوں کی سرمایہ کاری میں کمی کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے اسپین کی مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بنیادی ڈھانچے میں بھرپور سرمایہ کاری کرے تاکہ ریلوے نظام میں موجود خلا کو ختم کیا جا سکے۔

اس کے جواب میں خوسے انتونیو سانتانو نے کہا کہ مرکزی حکومت کاتالونیا میں بھاری سرمایہ کاری کر رہی ہے، لیکن ماضی میں ہونے والی کوتاہیوں کا ازالہ فوری طور پر ممکن نہیں۔

ریلوے سروس کی معطلی کا مقصد مکمل حفاظتی ضمانت حاصل کرنا تھا۔ ایدیف کے مطابق نیٹ ورک میں 23 اہم مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں فوری مرمت ضروری تھی۔ ادارے کا کہنا ہے کہ ایک سو سے زائد معائنے کیے جا چکے ہیں اور سات مختلف لائنوں پر ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے، خصوصاً ساحلی علاقوں اور ڈھلوانوں والے حصوں میں۔

حکام کے مطابق یہ اقدامات اس لیے کیے گئے ہیں تاکہ ٹرینیں محفوظ طریقے سے دوبارہ چل سکیں اور مسافروں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے