اے پی ڈھلوں نے دبئی کی مسجد کو ’جنت‘ قرار دے دیا
بھارتی نژاد کینیڈین گلوکار، ریپر اور پروڈیوسر امرت پال سنگھ ڈھلون نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ایک خوبصورت مسجد کا دورہ کیا ہے۔
گلوکار اے پی ڈھلوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر یو اے ای کی ریاست ابوظہبیکی خوبصورت شیخ زید جامع مسجد کے دورے کے دوران لی گئیں تصویریں شیئر کی ہیں۔
اے پی ڈھلوں نے مسجد کے دورے کے دوران مکمل عربی لباس زیب تن کیا ہوا ہے۔
تصویروں میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارتی سکھ گلوکار نے ناصرف عربی جبا بلکہ کوفیہ بھی پہن رکھا تھا۔
ان تصویروں کے کیپشن میں گلوکار نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے خوبصورت مسجد کو ’جنت‘ قرار دیا ہے۔
ان تصویروں کے کیپشن میں اے پی ڈھلوں کے مسلم مداحوں نے گلوکار کو اسلام قبول کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
جہاں اس تصویر پر گلوکار کے سکھ مداح اے پی ڈھلوں کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں وہیں مسلم مداح بے حد خوش اور گلوکار کی تعریفیں کرتے نظر آ رہے ہیں۔
گلوکار کے سکھ مداحوں نے بھی اس پوسٹ کے کمنٹ باکس میں اے پی ڈھلوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سکھوں کے گوردوارے اور ہندوؤں کے مندر کا بھی دورہ کریں اور تصویریں شیئر کریں۔