باراک اوباما اور ان کی اہلیہ بندروں کے روپ میں ،ڈونلڈ ٹرمپ نے ویڈیو جاری کردی
Screenshot
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں سابق صدر باراک اوباما اور ان کی اہلیہ مشیل اوباما کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے بندروں کے روپ میں پیش کیا گیا ہے۔
یہ منظر ایک ایسے ویڈیو کا حصہ ہے جو سازشی نوعیت کے مواد پر مشتمل ہے، جیسا کہ ٹرمپ ماضی میں بھی اپنی سوشل میڈیا سرگرمیوں کے دوران شیئر کرتے رہے ہیں۔ ویڈیو کا بیشتر حصہ انتہائی دائیں بازو سے وابستہ ویب سائٹ “پیٹریاٹ نیوز آؤٹ لیٹ” سے منسوب ہے، جس میں 2020 کے صدارتی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات دہرائے گئے ہیں، جن کے حق میں تاحال کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا۔
ویڈیو کے 59ویں سیکنڈ پر مواد اچانک ایک مختصر اینیمیشن سے منقطع ہوتا ہے، جس میں چند لمحوں کے لیے اوباما میاں بیوی کے چہروں کو دو بندروں کے جسموں پر چسپاں دکھایا جاتا ہے، اس کے بعد ویڈیو دوبارہ اپنے اصل مواد کی طرف لوٹ آتی ہے۔
یہ اینیمیشن سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے صارف “xerias_x” سے منسوب ہے، جس نے اپنی پوسٹس میں اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ اس کی تیار کردہ اینیمیشن کو ٹرمپ نے شیئر کیا۔ یہ منظر ایک مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ویڈیو “Trump: Rey de la Selva” (ٹرمپ: جنگل کا بادشاہ) کا حصہ ہے، جو 24 اکتوبر 2025 کو سامنے آیا تھا۔ اس ویڈیو میں مختلف عالمی سیاسی رہنماؤں کے چہرے جانوروں کے جسموں پر فِٹ کیے گئے ہیں، جبکہ سب کردار ٹرمپ کے سامنے جھکے ہوئے دکھائے گئے ہیں، جنہیں شیر کے جسم کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے مصنوعی ذہانت اور سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے سیاسی مخالفین کا تمسخر اڑایا ہو۔ چند ماہ قبل وائٹ ہاؤس کی جانب سے ایک تصویر جاری کی گئی تھی جس میں ٹرمپ کو ڈیموکریٹک مذاکرات کاروں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے دکھایا گیا، جبکہ انہیں کوکا کولا اور ایسی ٹوپیاں پیش کی جا رہی تھیں جن پر 2028 میں دوبارہ انتخاب سے متعلق متنازع اور غیر آئینی پیغام درج تھا۔
تصاویر اور میمز ٹرمپ کی سیاسی مارکیٹنگ مہم کا باقاعدہ حصہ بن چکے ہیں۔ وائٹ ہاؤس میں واپسی کے بعد صدر ٹرمپ نے بارہا تخلیقی اور متنازع انداز اختیار کیا ہے، اور اس تازہ ویڈیو کے ذریعے ایک بار پھر اسی روش کو دہرایا گیا ہے۔
تاحال سابق صدر باراک اوباما اور مشیل اوباما کی جانب سے اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔