میڈرڈ میں بدھ کو بڑی ٹریکٹر ریلی،مرکزی شاہراہیں متاثر، شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی ہدایت
Screenshot
میڈرڈ/دارالحکومت میڈرڈ بدھ 11 فروری کو زرعی شعبے کی ایک بڑی احتجاجی ٹریکٹر ریلی کا سامنا کرے گا، جس کے باعث شہر کے وسط میں ٹریفک شدید متاثر ہونے کا امکان ہے۔ یونین دے یونینیس اور یوناسپی کی اپیل پر تقریباً 500 ٹریکٹر پانچ مختلف راستوں سے شہر میں داخل ہوں گے اور پلازا دے کولون کے قریب جمع ہوں گے۔
حکام کے مطابق ٹریکٹرز کی آمد صبح کے وقت مرحلہ وار ہوگی جبکہ کولون میں مرکزی اجتماع تقریباً 11 بجے متوقع ہے۔ وہاں سے مظاہرین پیدل مارچ کرتے ہوئے وزارتِ زراعت، ماہی گیری و خوراک کی جانب جائیں گے۔ ٹریکٹرز بعد ازاں پاسیو دے ریکولیتوس اور پاسیو دے پرادو کے راستے آتوچا کی سمت بڑھیں گے اور دوپہر ڈیڑھ بجے کے قریب وزارت کے علاقے میں پہنچیں گے، جہاں احتجاجی پروگرام منعقد کیا جائے گا۔
انتظامیہ نے ٹریفک کو منظم رکھنے کے لیے پانچ مخصوص داخلی راستے مقرر کیے ہیں۔ سکیورٹی کے لیے پولیس نیشنل، گارڈیا سول اور بلدیاتی اداروں پر مشتمل 1,800 سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے۔ ٹریکٹرز کو M-30 اور M-40 پر آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
ریکولیتوس، پرادو، کاستیانا، خینوا اور گویا کے علاقوں میں عارضی بندشیں اور شدید رش متوقع ہے۔ ٹریکٹرز کی واپسی شام تقریباً 6 بجے تک متوقع ہے، تاہم صورتحال کے مطابق وقت میں تبدیلی ہو سکتی ہے۔
شہریوں کے لیے ہدایات
صبح 10:30 سے دوپہر 2:30 بجے کے دوران شہر کے مرکز سے گاڑی کے ذریعے گزرنے سے گریز کریں۔
میٹرو اور سرکانئیس کو ترجیح دیں، خصوصاً کولون، آتوچا اور پرادو کے علاقوں کے لیے۔
سڑکوں پر سفر کی صورت میں اضافی وقت رکھیں، کیونکہ ٹریکٹرز کی سست رفتاری سے داخلی راستوں پر طویل قطاریں لگ سکتی ہیں۔