سانچیز حکومت ’’سینکڑوں ہسپانویوں کی جان لے رہی ہے‘‘وکس کی رکنِ پارلیمنٹ کا کانگریس میں الزام
Screenshot
میڈرڈ /وکس کی رکنِ قومی اسمبلی اور ملاگا سے منتخب ہونے والی رکن پیتریسیا روئیدا نے منگل کے روز ایوانِ زیریں (کانگریس) کے اجلاس میں الزام عائد کیا کہ پی ایس او ای اور سومار پر مشتمل پیدرو سانچیز کی حکومت ’’سینکڑوں ہسپانوی شہریوں کو قتل کر رہی ہے‘‘۔ ان کے اس بیان پر ایوان کی صدر، سوشلسٹ رہنما فرانسینا آرمینگول نے انہیں ٹوک دیا، جبکہ بعد ازاں خطاب کرنے والی پودیموس کی رکن مارتینا ویلارده نے کہا کہ ایسی باتیں سن کر انہیں ’’شرمندگی‘‘ محسوس ہوئی۔
ریلوے سکیورٹی سے متعلق پی پی کی پیش کردہ ایک قرارداد پر بحث کے دوران پیتریسیا روئیدا نے لہجہ سخت کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ مجرمانہ حکومت سینکڑوں ہسپانویوں کو مار رہی ہے‘‘۔ ان کے بقول، ’’لوگ ٹرین میں سوار ہوتے ہیں تو مارے جاتے ہیں، دانا جیسے طوفان آتے ہیں تو جانیں جاتی ہیں، اسپتالوں میں مؤثر پروٹوکول نہ ہونے سے لوگ مرتے ہیں، اور کینسر کی تحقیق کے لیے سرمایہ کاری نہ ہونے کے باعث بھی اموات ہو رہی ہیں‘‘۔
انہوں نے اس صورتحال کا ذمہ دار حزبِ اختلاف کی جماعت پی پی کو بھی قرار دیا اور کہا کہ وہ اس حکومت کی ’’ساتھی‘‘ ہے۔ روئیدا نے پی پی پر زور دیا کہ وہ پیدرو سانچیز کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرے، چاہے اس کے لیے مطلوبہ حمایت میسر نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا، ’’یہ سب شرمناک ہے اور پی پی سب سے زیادہ بدعنوان اور مجرمانہ سوشلسٹ نظام کی شریکِ کار ہے‘‘۔
ان کی تقریر کے اختتام پر، جس پر وکس کی بنچوں سے بھرپور تالیاں بجیں، کانگریس کی صدر نے قدرے مایوسانہ انداز میں ایک بار پھر گزارش کی کہ پارلیمان جیسے جمہوری ادارے میں زیادہ مناسب زبان استعمال کی جائے۔ اس کے بعد بولنے والی پودیموس کی رکن مارتینا ویلارده نے کہا کہ وکس کی ایسی باتیں سن کر انہیں ’’شرمندگی‘‘ ہوئی اور دل چاہا کہ وہ اپنی نشست کے نیچے چھپ جائیں۔