آئی سی سی بورڈ اجلاس میں ورلڈ کپ 2024ء کی پلیئنگ کنڈیشنز کی منظوری
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بورڈ اجلاس میں ٹی20 ورلڈ کپ 2024ء کی پلیئنگ کنڈیشنز کی منظوری دے دی گئی۔
آئی سی سی اجلاس میں وائٹ بال کرکٹ میں اوورز کے درمیان اسٹاپ کلاک کا استعمال لازمی قرار دیدیا گیا۔
آئی سی سی کے مطابق اسٹاپ کلاک جون 2024 سے تمام ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں مستقل ہوجائے گا۔
آئی سی سی اعلامیے کے مطابق ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی میں ایک اوور مکمل ہونے کے ایک منٹ کے اندر دوسرا اوور شروع کرنا ہوگا۔
آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء کے ایڈیشن کےلیے کوالیفائی کرنے کے عمل کا بھی اعلان کیا ہے۔
دوران اجلاس ٹی 20 ورلڈکپ 2024ء کے سیمی فائنلز اور فائنل کے لیے ریزرو ڈے کی منظوری دی گئی، مقررہ دن پر میچ نہ ہونے کی صورت میں میچ کے لیے ریزرو دن ہوگا۔
آئی سی سی کے مطابق گروپ اسٹیج میں میچ مکمل ہونے کے لیے دوسری اننگز میں کم از کم 5 اوورز کا کھیل ہونا لازمی ہوگا جبکہ ناک آؤٹ مرحلے میں میچ مکمل ہونے کے لیے دوسری اننگز میں کم از کم 10 اوورز کے کھیل کا ہونا لازمی ہوگا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میٹنگ میں ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء کےکوالی فکیشن مرحلےکی بھی منظوری دی گئی، طے پایا کہ ٹی 20 ورلڈکپ 2026ء میں 20 ٹیمیں شرکت کریں گی۔
آئی سی سی کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء کی میزبانی سری لنکا اور بھارت مشترکہ طور پر کریں گے، ورلڈ کپ 2026 کے لیے 12 ٹیمیں ڈائریکٹ کوالیفائی کریں گی۔