اسپین میں دنیا کا سب سے چھوٹا پیس میکر لگا کر 2.1 کلو وزنی نومولود بچی کی جان بچا لی گئی
Screenshot
اسپین کے شہربارسلونا میں Hospital Sant Joan de Déu میں ڈاکٹروں نے ایک اہم طبی کارنامہ انجام دیتے ہوئے دنیا کا سب سے چھوٹا پیس میکر ایک نومولود بچی کو لگا دیا، جس کا وزن صرف 2.1 کلو گرام تھا۔ اس پیس میکر کا سائز تقریباً 2 سینٹی میٹر ہے۔
اسپتال کی جانب سے بدھ کے روز جاری بیان کے مطابق آپریشن کے بعد بچی کی حالت تسلی بخش رہی۔ وہ 20 دن تک اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد صحت یاب ہو کر گھر چلی گئی۔ پیڈیاٹرک کارڈیالوجسٹ Georgia Sarquella‑Brugada کے مطابق یہ دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا پیس میکر ہے جو کسی نومولود کو لگایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بچی کی حالت اب بہت بہتر ہے اور اس کا دل، جو پہلے تقریباً کام نہیں کر رہا تھا، اب معمول کے مطابق دھڑک رہا ہے۔
عام طور پر پیس میکر کا سائز تقریباً 6 سینٹی میٹر ہوتا ہے، جو نومولود بچوں کے لیے بہت بڑا ثابت ہو سکتا ہے اور اس سے اعضاء پر دباؤ یا انفیکشن جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے اسپتال کے ماہرین نے طبی ٹیکنالوجی کمپنی Abbott کے ساتھ مل کر ایک چھوٹا اور جدید پیس میکر تیار کیا جو AVEIR پلیٹ فارم پر مبنی ہے اور خاص طور پر نوزائیدہ بچوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
ڈاکٹروں نے حمل کے دوسرے سہ ماہی کے دوران معائنہ کرتے ہوئے دیکھا کہ بچے کے دل کی دھڑکن غیر معمولی طور پر سست ہے اور دل کا سائز بھی بڑھ گیا ہے۔ بعد میں تشخیص ہوئی کہ بچی کو مکمل ایٹریو وینٹریکولر بلاک نامی بیماری ہے، جس میں دل کے برقی سگنل درست طریقے سے ایک حصے سے دوسرے حصے تک منتقل نہیں ہو پاتے۔ اس کے نتیجے میں دل کی دھڑکن بہت سست ہو جاتی ہے، جس سے جسم کو خون اور آکسیجن کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔
جنوری کے آخر میں ڈاکٹروں نے بچی کی حالت مزید بگڑتی ہوئی دیکھی تو قبل از وقت پیدائش کا فیصلہ کیا گیا۔ بچی 2 فروری کو قبل از وقت پیدا ہوئی اور اس وقت اس کا وزن صرف 2.1 کلوگرام تھا۔ اس کی شدید سست دھڑکن کے باعث دل کے فیل ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا، جس کے بعد ڈاکٹروں نے فوری طور پر چھوٹا پیس میکر لگانے کا فیصلہ کیا۔
اس پیچیدہ آپریشن میں مختلف شعبوں کے 16 ماہرین اور طبی آلات کے انجینئرز نے حصہ لیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق یہ اسپین کے سرکاری صحت کے نظام کی ایک بڑی کامیابی ہے۔