پیدروسانچز کی جانب سے “قومی ایراسمس” پروگرام کی بحالی، ملک کی دوسری یونیورسٹی میں تعلیم کے لیے میدرانو اسکالرشپس کا اعلان

Screenshot

Screenshot

میڈرڈ/سپین کے وزیرِ اعظم پیدروسانچز نے ملک کے طلبہ کے لیے ایک نئے تعلیمی پروگرام “میدرانو اسکالرشپس” (Becas Medrano) کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت طلبہ کو اسپین کی کسی دوسری یونیورسٹی میں ایک تعلیمی سال گزارنے کا موقع دیا جائے گا۔ اس پروگرام کو ماضی کی معروف سینیکا اسکالرشپس کی طرز پر متعارف کرایا گیا ہے، جنہیں 2013 میں ختم کر دیا گیا تھا۔

میڈرڈ میں جاری ایک ویڈیو پیغام میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ ماضی میں طلبہ کے درمیان “قومی ایراسمس” کے نام سے معروف سینیکا اسکالرشپس بہت مقبول تھیں، مگر سابق حکومت نے انہیں بند کر دیا تھا۔ سانچیز کے مطابق موجودہ حکومت نے انہیں نئے نام اور بہتر شرائط کے ساتھ دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔

حکومت کے مطابق اس پروگرام کے پہلے مرحلے میں تقریباً 2,300 طلبہ کو اسکالرشپ دی جائے گی۔ اس اسکالرشپ کے تحت طلبہ کو نو ماہ کے تعلیمی سال کے دوران 900 یورو ماہانہ وظیفہ ملے گا، جس کی مجموعی رقم 8,100 یورو بنتی ہے۔ یہ رقم طلبہ کو ایک ہی ادائیگی میں فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ان طلبہ کے لیے اضافی مالی معاونت بھی رکھی گئی ہے جو اسپین کے جزائر سے یا جزائر کی یونیورسٹیوں میں تعلیم کے لیے سفر کریں گے۔ اس پروگرام کے لیے حکومت نے تقریباً 1 کروڑ 88 لاکھ یورو کا بجٹ مختص کیا ہے۔

حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ مختلف صوبوں کی یونیورسٹیوں میں طلبہ کا تبادلہ تعلیمی تجربے کو زیادہ وسیع بناتا ہے اور ملک کے مختلف علاقوں کے درمیان روابط اور ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے۔ اس اسکالرشپ کے لیے وہ طلبہ درخواست دے سکیں گے جو سپین کی کسی یونیورسٹی میں گریجویشن پروگرام میں داخل ہوں اور کم از کم 60 کریڈٹس مکمل کر چکے ہوں۔

ان اسکالرشپس کا نام سپین کی پہلی خاتون یونیورسٹی پروفیسر Luisa de Medrano کے اعزاز میں رکھا گیا ہے، جنہوں نے 1508 میں Universidad de Salamanca میں تدریس کے فرائض انجام دیے تھے۔ حکومت کے مطابق اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنا اور قومی سطح پر تعلیمی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے