دنیا کے بڑے سائیکلنگ ایونٹ کی وجہ سے ساگرادا فامیلیا2 جولائی کو عوام کے لئے بند
Screenshot
بارسلونا کی مشہور تاریخی عبادت گاہ ساگرادا فیملیا جمعرات 2 جولائی کو عوام کے لیے بند رہے گی۔ اس کی وجہ دنیا کے بڑے سائیکلنگ ایونٹ Tour de France کے آغاز (Grand Départ) کی میزبانی ہے، جو شہر میں غیر معمولی انتظامات کا باعث بن رہا ہے۔
بلدیہ کے مطابق اس بڑے ایونٹ کے دوران تقریباً 8 لاکھ 50 ہزار افراد کی آمد متوقع ہے، جس کے پیش نظر سیکیورٹی اور ٹریفک کے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ اس ایونٹ کو دنیا کے 190 ممالک میں نشر کیا جائے گا۔
ایونٹ کی افتتاحی تقریب 2 جولائی کو ہوگی، جس میں ٹیموں کی پریزنٹیشن Avenida Gaudí پر منعقد ہوگی، جو Recinte Modernista de Sant Pau کو ساگرادا فامیلیا سے جوڑتی ہے۔ اس موقع پر 70 سے 80 ہزار افراد کے جمع ہونے کی توقع ہے۔
اسی وجہ سے ساگرادا فامیلیا کو پورا دن بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یکم جولائی کی رات سے ہی اس علاقے میں ٹریفک متاثر ہونا شروع ہو جائے گا، جبکہ 2 جولائی کو دوپہر 2 بجے کے بعد مکمل طور پر سڑکیں بند کر دی جائیں گی۔
یہ اثرات صرف ایک دن تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پورے ویک اینڈ تک جاری رہیں گے۔
- ہفتہ 4 جولائی کو پہلا مرحلہ (ٹائم ٹرائل) Parc del Fòrum سے شروع ہو کر مونتجوئک تک جائے گا، جہاں تقریباً 6 لاکھ افراد کی آمد متوقع ہے۔
- اتوار 5 جولائی کو دوسرا مرحلہ Tarragona سے شروع ہو کر Montjuïc میں اختتام پذیر ہوگا، جسے تقریباً 1 لاکھ 70 ہزار لوگ دیکھیں گے۔
ان دنوں میں شہر کے اہم علاقوں جیسے L’Eixample، Sants-Montjuïc اور سانت مارتی میں بڑے پیمانے پر ٹریفک بند رہے گی۔ خاص طور پر روندا لیتورال، گلی اراگون اور پاسیج دی گراسیا جیسی اہم سڑکیں متاثر ہوں گی۔
حکام نے شہریوں اور سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ذاتی گاڑی استعمال نہ کریں۔ اس کے بجائے میٹرو کو ترجیح دی جائے، جس کی سروس میں 30 سے 40 فیصد اضافہ کیا جائے گا، خاص طور پر L1 اور L5 لائنوں پر۔
ایونٹ کے دوران 900 پولیس اہلکار ٹریفک کنٹرول اور سیکیورٹی کے لیے تعینات ہوں گے۔ پیدل چلنے والوں کے لیے خصوصی راستے اور عارضی پل بھی تعمیر کیے جائیں گے تاکہ شہر کی نقل و حرکت جاری رہ سکے۔
یہ تمام اقدامات اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں کہ بارسلونا اس عالمی کھیلوں کے ایونٹ کی میزبانی بخوبی انجام دے سکے، جبکہ شہری زندگی بھی ممکن حد تک متاثر نہ ہو۔